پیشہ ور بھکاریوں کی شہر میں یلغار،اہم چوکوں اور شاہراؤں پر ڈیرے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ملک کے تیسرے بڑے صنعتی شہر فیصل آباد کے اہم چوراہوں’ شاہراہوں اور بازاروں میں گداگروں کی بھرمار’ گداگروں نے ٹولیوں کی شکل میں ٹریفک سگنلز پر ڈیرے جما رکھے ہیں، محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے تشکیل دیئے جانے والے اینٹی گداگری سکواڈ نے پراسرار خاموشی اختیار کر رکھی ہے، شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں گداگروں کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔ تفصیل کے مطابق شہر کے اہم چوکوں ریلوے اسٹیشن چوک’ چناب کلب چوک’ نڑوالا روڈ’ ستیانہ روڈ گیٹ چوک’ کوہ نور چوک’ ملت روڈ’ الائیڈ موڑ’ گلبرگ چوک سمیت شہر کے اکثر اہم چوراہوں اور شاہراہوں اور بازاروں میں گداگروں نے ڈیرے جما رکھے ہیں۔ اشارہ بند ہوتے ہی گاڑیوں’ موٹرسائیکل والوں کی طرف لپکتے ہیں اور کئی گداگروں نے معذوروں کا روپ دھار رکھا ہے اور مبینہ طور پر روزانہ ہزاروں روپے بھیک مانگ کر اکٹھے کرتے ہیں، چوراہوں پر گھومنے والے گداگروں کی وجہ سے ہمہ وقت حادثات کا خدشہ رہتا ہے۔ قبل ازیں محکمہ سوشل ویلفیئر کی طرف سے اینٹی گداگری سکواڈ بنایا گیا تھا تو مذکورہ سکواڈ شہر بھر کے اہم چوکوں اور چوراہوں پر چھاپے مار کر مذکورہ گداگروں کی پکڑ دھکڑ کرتا تھا جسکی وجہ سے شہر میں بھکاریوں کی تعداد میں کافی حد تک کمی واقع ہو گئی تھی اور پیشہ ور بھکاریوں نے دوسرے شہروں کا رخ کر لیا تھا۔ تاہم کچھ عرصہ سے محکمہ سوشل ویلفیئر نے پیشہ ور بھکاریوں کیخلاف کارروائیاں پر چپ سادھ رکھی ہے اور دوبارہ پیشہ ور بھکاریوں نے فیصل آباد کے اہم چوکوں’ شاہراہوں پر ڈیرے ڈال لئے ہیں۔ شہری حلقوں نے کمشنر’ ڈپٹی کمشنر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کیخلاف مہم چلا کر ان کو پکڑا جائے تاکہ شہر سے بھکاریوں کا خاتمہ ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں