PHAکی ناقص ترین کارکردگی،ڈویژنل کمشنر مریم خان برہم

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر مریم خان نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا قبلہ درست کریں شہرکی خوبصورتی کو بہتر بنانے کیلئے سٹاف فیلڈ میں نظر آئے جبکہ مشینری کی رپیئرنگ پر کام شروع کردیا گیا ہے پہلے مرحلہ میں واٹر بوزر گاڑیوں کی رپیئرنگ مکمل کردی گئی ہے جہاں ایک طرف پانی لگانے کے عمل میں بہتری آئیگی تو دوسری طرف پانی کے ضیاع سے بھی بچا جاسکے گا۔ڈویژنل کمشنر مریم خان نے کہا کہ شہر کی گرین بیلٹس کی خوبصورتی اور شہر کے پارکوں کی حالت زار کو بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ،بہار کی آمد پر شہر کے پارکوں میں پھولوں کی آبیاری کریں تاکہ پارکوں میں سیر و تفریح کیلئے آنیوالے شہریوں کو خوشگوار ماحول کا احساس ہو۔ پی ایچ اے کا عملہ گھروں اور دفتروں میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں کام کرتا نظر آنا چاہیے۔ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیلئے گرین بیلٹس، چوراہوں میں خوشنما، دیدہ زیب پھولوں کی کیاریاں بنائیں، مشینری کی ریپئرنگ جلد مکمل کی جائے۔ کام چور عملہ کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے ان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں