نوجوان کی خودکشی،کرنٹ لگنے سے الیکٹریشن ،حادثہ میں با پ جاں بحق،2بچے زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گلفشاں کالونی میں کرنٹ لگنے سے الیکٹریشن جاں بحق’ گھریلو جھگڑے پر نوجوان نے گلے میں پھندہ لیکر خودکشی کر لی’ سمندری رجانہ روڈ پر گاڑی کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار باپ جاں بحق’ بیٹی اور بیٹا زخمی ہو گئے جبکہ اتھرے ڈاکوئوں نے مزاحمت کرنے پر ٹرک ڈرائیور سمیت دو افراد کو گولیاں مار کر لہولہان کر دیا، قاتلانہ حملوں میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے دو افراد کو زخمی کر دیا، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق شہباز ٹائون کا رہائشی 32سالہ اسماعیل ولد فضل دین الیکٹریشن گلفشاں کالونی میں بجلی کے پول پر چڑھ کر ایک گھر کی بجلی درست کر رہا تھا کہ بجلی کی تاروں کو چھو جانے سے زور دار بجلی کا جھٹکا لگنے سے گر پڑا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا، گجر بستی سمندری کے رہائشی35سالہ جاوید کا گھر والوں سے کسی بات پر جھگڑا ہوا تو اس نے گلے میں پھندا ڈال کر پنکھے سے لٹک کر زندگی کا خاتمہ کرلیا، پولیس ذرائع کے مطابق جاوید نشہ کا عادی تھا گھر والوں سے نشہ کیلئے پیسے مانگنے پر جھگڑا ہوا تھا’ جبکہ سمندری کے نواحی گائوں 474 گ ب کا رہائشی 45سالہ خالد ولد نذیر احمد اپنے دو بچوں 10سالہ عبداﷲ اور 8سالہ وجیہہ کو موٹرسائیکل پر بیٹھا کر سکول چھوڑنے جا رہا تھا کہ جب وہ رجانہ روڈ پر ضیاء مارکیٹ کے قریب پہنچا تو عقب سے آنیوالے تیز رفتار گاڑی کی ٹکر لگنے سے گر کر زخمی ہو گئے، 45سالہ خالد سر میں چوٹ لگنے سے موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گیا، ریسکیو1122 نے نعش پولیس کے حوالے کر کے زخمی بچوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ نشاط آباد کے علاقہ 4 ج ب کے قریب اتھرے ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر کار سوار فیصل اور جھمرہ کے علاقہ 113 ج ب کے نواح میں ناکہ لگائے ڈاکوئوں نے ٹرک ڈرائیور سہیل سے اڑھائی لاکھ چھین کر مزاحمت کرنے پر گولی مار کر بری طرح زخمی کر کے فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں جھنگ بازار کے علاقہ اے بی سی روڈ پر رقم کے لین دین پر ملزم شہری خان نے مخالف احمد جاوید اور گڑھ فتح شاہ میں عداوت کی بناء پر مسلح ملزمان غلام مصطفی وغیرہ نے فائرنگ کر کے وقاص کو گولی مار کر لہولہان کر دیا، حملہ آور ہوائی فائرنگ کرتے فرار ہو گئے، مضروبان کو ہسپتال داخل کروا دیا گیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں