تیز رفتار کار گنے سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی تلے گھس گئی،میاں بیوی جاں بحق،3بچے زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سمندری کے علاقہ پنجاب کالج کے قریب تیز رفتار کار اور گنے سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم’ کار سوار میاں بیوی جاں بحق’ 3بچے بری طرح زخمی ہو گئے، حادثہ کا مرتکب ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا’ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 54سالہ رمضان فوجی اپنی 50 سالہ اہلیہ خالدہ بی بی’ 19سالہ بیٹے فہیم سلطان’ 13سالہ بیٹی فوزیہ نور’ 18سالہ بیٹے محسن سلطان کے ہمراہ کار میں سوار ہو کر عزیزوں کو ملنے مریدوالہ جا رہے تھے کہ جب وہ سمندری کے علاقہ تین پلیاں سٹاپ کے قریب پنجاب کالج کے سامنے پہنچے تو تیز رفتاری کے باعث اوورٹیک کرتے ہوئے گنے سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی تلے گھس گئی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا۔ جہاں پر 55سالہ رمضان فوجی ولد محمد صدیق اور اسکی 50سالہ اہلیہ خالدہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے، پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے حادثہ کے مرتکب ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں