ڈویژنل کمشنر کا چوک گھنٹہ گھر اور ملحقہ بازاروں کا وزٹ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر فیصل آباد مریم خان نے کچہری بازار چوک سے گھنٹہ گھر چوک اور ملحقہ بازاروں کا پیدل مارچ اور واپسی پرچوک گھنٹہ گھر سے الیکٹرک کارٹ میں بیٹھ کر کچہری بازار تک سفر کیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصربھی ان کے ہمراہ تھے۔چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سید علی عباس بخاری،ڈپٹی چیف آفیسر عظمت فردوس،سی ٹی او فرحان اسلم ودیگر افسران بھی موجود تھے۔کمشنر نے افسران کے ہمراہ گھنٹہ گھر کے آٹھ بازاروں کا رائونڈ لگایااور حکم دیا کہ کوئی سرکاری وہیکل بازاروں کے اندر نہیں آئے گی اور افسران پیدل چل یا ای کارٹ میں بیٹھ کر ہی وزٹ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ انسداد تجاوزات آپریشن میں نرمی نہیں آنی چاہیے۔کمشنر نے آٹھ بازاروں میں دکانوں کے باہر ایک ہی طرز کے عمدہ سائن بورڈز لگانے کی ہدایت کی اور سی او کارپوریشن کو فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے بازاروں میں بجلی کی تاروں کو زیرزمین کرنے کے بارے میں بریفنگ لی۔انہوں نے کہا کہ آٹھ بازاروں کو مکمل طور پر تجاوزات فری اور پیدل چلنے والوں کے لئے مزید باسہولت بنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں