میونسپل کمیٹی صفدر آباد کا تجاوزات کیخلاف بھرپور آپریشن

صفدرآباد(نامہ نگار)مریم نواز کا ستھرا پنجاب ،،،اسسٹنٹ کمشنر صفدرآباد فاروق احمد قریشی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی صفدرآباد طاہر رفیق نے شہر میںناجائزتجاوزات کے خاتمہ کے لئے پولیس فورس اور عملہ کمیٹی کے ہمراہ ہیوی مشینری کے ساتھ اچانک کمیٹی روڈ کی طرف سے ا ردو بازار میںداخل ہو کرہلہ بولتے ہوئے گرینڈ آپریشن شروع کر دیا۔جو بھی دکان سامنے آئی اس پر مشینری چلادی۔دکانداروں کو سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا۔ہتھوڑوں سے لیس عملہ کمیٹی نے دکانوں کے تھڑے اور گندے پانی کے نکاس کی نالیوں پر دکانداروں کی جانب سے لگے پختہ شیڈز کو مسمار کرکے دھاک بٹھا دی۔ کسی دکاندار نے کوئی مزاحمت نہ کی البتہ آپریشن کو بلا تفریق کرنے کے لئے آواز ضرور بلند کی۔کئی ایک دکانداروں نے انتظامیہ سے شکائت بھی کی کہ آپریشن میں دو نمبری ہو رہی ہے لیکن اس پر کوئی دھیان نہ دیا گیا۔میلاد چوک میں بد نظمی ہوتے ہوتے رہ گئی تاہم تھڑے گرانے کا عمل جاری رہا۔شہر بھر میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی اور سہمے ہوئے غریب دکاندار بڑ بڑ کرتے دکھائی دیئے۔ اسسٹنٹ کمشنر لوگوں کے سوالات کا معقول جواب نہ دے سکے ۔ تاجروں اور شہریوں نے ڈیلی بزنس رپورٹ کے نمائندہ کو دیکھ کر آپریشن کے بارے میں بات چیت کی اور بے باک صحافت پر شکریہ ادا کیا۔ شہریوں نے کہا کہ آپریشن ضرور کیا جائے لیکن انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہنئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں