بانی پی ٹی آئی قیادت کی کارکردگی سے نالاں ،اہم عہدوں میں ردوبدل کا فیصلہ

لاہور(بیوروچیف) بانی پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوامیں ہٹائے گئے رہنمائوں کوعہدوں پربحال کرنے کا فیصلہ کرلیا، صوبائی جنرل سیکرٹری کے لیے عاطف خان اورارباب شیرعلی کے نام زیرغورہیں، برطرف صوبائی وزیرشکیل خان کی دوبارہ کابینہ میں شمولیت متوقع ہے۔ پشاورمیں ممبرقومی اسمبلی عاطف خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے پی ٹی آئی رہنمائوں کی ملاقات میں صوبے میں کرپشن اورگڈگورنس پربات چیت ہوئی۔ صوبے میں چند وزراکے قلمدان واپس لینے کا امکان ہے۔رہنما پی ٹی آئی عاطف خان نے بتایا کہ چند وزرا کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کوشکایات موصول ہوئیں۔ بانی پی ٹی آئی نے تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الزامات درست ثابت ہونے پرکارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بچھراورتحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی گزشتہ روزاڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت سے بھی نالاں نظرآئے اورپنجاب میں تنظیم نوکرنے کا کہا، بانی پی ٹی آئی نے سلمان اکرم راجہ کو پنجاب میں تنظیم نوکا حکم بھی دیا۔ذرائع نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے سلمان اکرم راجہ کو فعال رہنمائوں کو پنجاب میں پارٹی عہدے دینے کا کہا ہے اورعالیہ حمزہ کو پنجاب اہم ذمہ داریاں سونپنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے 8 فروری کے احتجاج کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کی ہیں، بانی پی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں