ورلڈ بینک کی پنجاب میں ماحولیاتی بہتری کیلئے تعاون کی پیشکش

لاہور(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ورلڈ بینک کے ریجنل نائب صدر مارٹن رائزر کی زیر قیادت اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ ورلڈ بینک کے ریجنل نائب صدر نے پنجاب کو ماحولیات میں بہتری کے لئے موثر اقدامات پرریجنل چیمپئن قراردے دیا۔ملاقات میں غربت کے خاتمے ، آئی ٹی، انفراسٹرکچر میں مزید بہتری، ماحولیاتی مسائل کے حل اور سماجی ترقی کے لئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ وفد نے ماحولیاتی بہتری اور سینی ٹیشن سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے بھرپور تعاون کی پیشکش کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب کلین ایئر پروگرام شروع کر رہے ہیں پروگرام کے تحت الیکٹرک بسیں، رکشہ اور بائیکس متعارف کرائیں گے ۔ ترقی کا سفر تیزی سے آگے بڑھانے کیلئے ورلڈ بینک کے ساتھ اشتراک کارجاری رکھیں گے ۔ دریں اثنا چینی کمپنی بی جی آئی گروپ نے پنجاب میں چاول اور مکئی کی کاشت کیلئے پائلٹ پراجیکٹ، پیداوار بڑھانے کیلئے جی ایم او کاٹن لگانے کی پیشکش کی ہے اور پنجاب میں کینسر ٹریٹمنٹ اور جینٹک ٹیسٹنگ کیلئے اشتراک کاربھی کرے گی۔ وزیراعلی مریم نواز سے چین کے بی جی آئی گروپ کے چیئرمین وانگ جیان نے ملاقات کی۔ چینی وفدنے بہاولپور کے صحرائی علاقے میں چاول اور مکئی کی کاشت کے لئے پائلٹ پراجیکٹ کی پیشکش کی، وزیراعلیٰ نے چینی گروپ کی پیشکش کا خیر مقدم کیا اور اس ضمن میں صوبائی وزیر زراعت کو فوکل پرسن مقرر کر دیا۔ چینی ادارے کے تعاون سے کپاس کی پیداوار میں 15فیصد تک اضافے کے لئے جی ایم او کاٹن کی کاشت پر اتفاق کیا گیا۔ کینسر ٹریٹمنٹ اور جینٹک ٹیسٹنگ کے حوالے سے بھرپور اشتراک کی پیشکش پر وزیراعلیٰ نے سیکرٹری ہیلتھ سے چینی بی جی آئی گروپ کے ساتھ ملکر قابل عمل پلان طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا بی جی آئی اور پنجاب حکومت کا اشتراک کار شعبہ ہیلتھ میں گیم چینجر ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کینسر تشخیص و علاج کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ سرکاری ہسپتال بھی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں