حاضر سروس باوردی کانسٹیبل برطرف ساتھی سمیت موٹر سائیکل چوری کرتے گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)جناح کالونی کے علاقہ میں حاضر سروس باوردی کانسٹیبل موٹر سائیکل چوری کرتے ساتھی سمیت پکڑا گیا، گرفتار کانسٹیبل نے درجنوں وارداتوں کا اعتراف کرتے ہوئے متعدد موٹرسائیکل برآمد کروا دیئے، ملزم کانسٹیبل تھانہ سٹی سمندری میں تعینات ہے۔ اس کے خلاف50سے زائد موٹرسائیکل چوری کے مقدمات درج ہیں، تاہم گلبرگ پولیس نے مزید برآمدگی کیلئے بازپرس شروع کر دی، سی پی او فیصل آباد کامران عادل نے نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ پولیس کانسٹیبل خالد جاوید کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا۔ تفصیل کے مطابق سی پی او کامران عادل کی ہدایت پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف مہم کے دوران ایس ایچ او تھانہ گلبرگ اقبال فرید اپنی ٹیم کے ہمراہ سنیپ چیکنگ کے دوران دو افراد جو کہ پولیس کی وردیوں میں ملبوس تھے اور مبینہ طور پر موٹرسائیکل چوری کرتے ہوئے مشکوک حالت میں گرفتار کر کے بازپرس کی تو پولیس کی وردی میں ملبوس ملزم محمد حسنین ولد ولی محمد سکنہ 439 گ ب سمندری بتایا جو کہ تھانہ سٹی سمندری میں تعینات اور حاضرسروس ہے۔ جبکہ اس کا دوسرا ساتھی خالد جاوید ولد نور احمد سکنہ 544 گ ب نکلا جو کہ مبینہ طور پر محکمہ پولیس سے بطورکانسٹیبل برخاست شدہ ہے اور وہ ریکارڈ یافتہ موٹرسائیکل چور ہے اس کے خلاف فیصل آباد’ لاہور’ اوکاڑہ کے مختلف تھانوں میں 50سے زائد مقدمات درج ہیں، گرفتار ملزمان سے 25سے زائد موٹرسائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔ پکڑے جانیوالے کانسٹیبل چور نے ریسکیو1122 سمندری کے دفتر سے بھی انچارج ریسکیو1122 اور دوسرے ملازم کی موٹرسائیکلیں چوری کر کے لے گئے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پکڑے جانیوالے دونوں موٹرسائیکل چور پولیس کی یونیفارم پہن کر شہر بھر میں گھومتے رہتے تھے اور اکثر اوقات رش والی جگہوں پر کھڑے ہو کر پہلے آپس میں خوش گپیاں لگاتے رہتے اور پولیس کی یونیفارم کی وجہ سے لوگ ان پر شک نہیں کرتے تھے اور موقع ملتے ہی شہریوں کی موٹرسائیکلیں چوری کر کے باآسانی فرار ہو جاتے اور محکمہ پولیس میں تعینات ہونے کی وجہ سے کیمرہ کی آنکھ سے بھی بچ نکلتے تھے۔ گزشتہ دنوں گلبرگ کے علاقہ میں موٹرسائیکل چوری کر کے فرار ہونے لگے تو پولیس نے مشکوک پا کر حراست میں لیکر بازپرس کی۔ پکڑے جانیوالے ملزمان نے درجنوں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں کا اعتراف جرم کرتے ہوئے دو درجن سے زائد موٹرسائیکلیں برآمد کروا دیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ محکمہ پولیس کے برخاست ہونیوالے ملزم خالد جاوید ولد نور احمد عادی چور اس کے خلاف 2018 سے اب تک 50سے زائد موٹرسائیکل چوری کے مقدمات تھانہ گلبرگ’ جھنگ بازار’ پیپلزکالونی’ ڈی ٹائپ کالونی’ سرگودھا روڈ’ صدر’ فیکٹری ایریا’ سول لائن’ سٹی جڑانوالہ’ لاہور کے تھانے اسلام پورہ’ بھاٹی گیٹ’ شفیق آباد’ لاری اڈا’ مصری شاہ’ راوی روڈ’ بادامی باغ’ شادمان’ گوال منڈی’ قلعہ گجر سنگھ’ مغلپورہ کے ساتھ ساتھ اوکاڑہ کے مختلف علاقوں میں بھی درج ہیں اور مزید برآمدگی کے لیے بازپرس جاری ہے۔ سی پی او نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے اور ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں