مسلح افراد نے مخالف،بیوی نے ماموں سے ملکر شوہر کو قتل کردیا،بھتیجے نے چچا کو زہر دیکر مار ڈالا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) گھر آنے سے منع کرنے پر بھتیجے نے زہر دیکر چچا کو مار ڈالا’معمولی جھگڑے پر مسلح افراد نے مخالف کو گولیاں مار کر قتل کر دیا’ گھریلو جھگڑے پر بیوی نے حقیقی ماموں سے ملکر شوہر کو اغواء کرکے قتل کرنے کے بعد نعش کے ٹکڑے کرکے فصل کماد میں دبا دی’کاروبار کا جھانسہ دیکر 3شہریوں کیساتھ ڈیڑھ کروڑ کا فراڈپولیس مصروف تفتیش ہے۔تفصیل کے مطابق تھانہ صدر کے علاقہ 225ر۔ب احمد نگر کے رہائشی امین نے بتایا کہ اس کا بھتیجا فیضان کا گھر آنا جانا تھا تو اس دوران ملزم نے اسکی بھانجی سے ناجائز تعلقات استوار کرلیے اور اس کے بعد عمر احسان نے بھتیجے فیضان کو گھر آنے سے منع کردیا جس پر ملزم نے اپنے چچا عمر احسان کو زہریلی اشیاء کھلائی، حالت خراب ہونے پر ہسپتال لایا جہاں وہ زندگی کی بازی ہارگیا جبکہ تھانہ ساندل بار کے علاقہ55ج۔ب کی رہائشی رخسانہ بی بی نے بتایا کہ اس کے شوہر بلال کے ساتھ ملزمان عاقب وغیرہ کا معمولی جھگڑا ہوا ،بلال ڈیوٹی سے کار پر سوار ہو کر گھر آرہا تھا کہ راستے میں مذکورہ ملزمان نے فائرنگ کرکے بلال کو موت کے گھاٹ اتار دیا،علاوہ ازیں تھانہ ترکھانی کے علاقہ خوشی پور میں 28دسمبر 2024ء کو عادل یوسف بھٹی مسیح نامی نوجوان کو اغواء کر لیا’ تفتیشی آفیسر نے مقتول کے حقیقی ماموں اکبر مسیح کو شک ہونے پر حراست میں لیکر بازپرس کی تو اس نے انکشاف کیا کہ اس نے بھانجی زوبیہ بی بی سے ملکر عادل یوسف بھٹی کو اغواء کر کے تھانہ نشاط آباد کے علاقہ میں لے جاکر قتل کر دیا اور مقتول کی نعش کے ٹکڑے کر کے چک نمبر 49 ج ب فصل کماد میں دبا دی تھی۔ تاہم پولیس نے قاتل اکبر مسیح کی نشاندہی پر نعش برآمد کر کے پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل ماموں اور مقتول کی بیوی زوبیہ کو قابو کر لیا۔ علاوہ ازیں سول لائن کے رہائشی راشد ندیم سے اسکے واقف کار ملزم وسیم نے 50لاکھ کا مال لیکر ہڑپ کر لیا بدلے میں چیک دیا جو کہ جعلی نکلا۔ گلبرگ کے رہائشی عبدالغفار نے بتایا کہ اس کے جاننے والے ملزم مظفر شاہد نے 35لاکھ کی زرعی ادویات خرید کر جعلی چیک تھما دیا۔ اواگت کے اصغر کا کہنا ہے کہ ملزم سہیل نے رقبہ خریدنے کیلئے 50لاکھ کی رقم لیکر بوگس چیک دیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں