سی پی او فیصل آباد کے باہر فائرنگ،پیشی پر آیا نوجوان قتل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سکیورٹی کے ناقص انتظامات کے باعث آج صبح ضلع کچہری’ سی پی او آفس کے باہر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے تاریخ پیشی پر آئے مخالف کو موت کے گھاٹ اتار دیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی آپریشن سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، سی پی او آفس کے باہر سکیورٹی پر مامور عملہ نے ایک ملزم کو قابو کر لیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہو گئے، آر پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او کامران عادل سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ ملت ٹائون کے علاقہ مڑھ بلوچاں کے رہائشی 45سالہ شبیر حسین ولد احمد خان مقدمہ نمبری 3242/24، بجرم 302، 324 میں ملوث تھا، وہ آج صبح تاریخ پیشی بھگتنے کیلئے اپنے وکیل کو مل کر یونہی ضلع کچہری سے نکل کر یونیورسٹی روڈ پر سی پی او آفس کے مین گیٹ کے باہر پہنچا تو تعاقب میں آنے والے مسلح افراد شاہ زیب’ قاسم وغیرہ نے اندھا دھند فائرنگ کر کے مخالف شبیر حسین ولد احمد خان کو گولیاں مار کر بری طرح زخمی کر دیا، فائرنگ کی آواز سن کر سی پی او آفس گیٹ پر مامور اہلکاروں نے ایک ملزم شاہ زیب ولد اﷲ دتہ کو اسلحہ سمیت قابو کر لیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی قاسم ولد اعظم وغیرہ موقع سے فرار ہو گئے۔ بعدازاں مضروب کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔ یاد رہے کہ ضلع کچہری میں سکیورٹی کے ناقص انتظامات کے باعث تاریخ پیشی پر آنے والے سائلین کی جانوں کو خطرہ رہتا ہے اور پہلے بھی کئی افراد سیشن کورٹ اور ضلع کچہری میں زندگی کی بازی ہار چکے ہیں تاہم واقعہ کے بعد سیشن کورٹ کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ آر پی او ڈاکٹر عابد خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فرار ہونیوالے ملزمان کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کورٹس کی سکیورٹی کے حوالے سے ایس او پیز کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔ تاہم پولیس نے مختلف ٹیمیں تشکیل دیکر فرار ہونیوالے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں