ڈیلی بزنس رپورٹ کی خبر پر ایکشن،کمشنر کا جھال پل کے آہنی جوڑ2روز میں درست کرنیکا حکم

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کی خبر پر ڈویژنل کمشنر محترمہ مریم خان کا ایکشن،جھال پل کے ٹوٹ پھوٹ کا شکار آہنی جوڑ دو روز میں درست کروانے کا حکم’تفصیل کے مطابق جھال پل کے دونوں اطراف آہنی جوڑ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث یہاں پر گڑھے پڑ چکے ہیں،ٹائر پنکچر ہونے کے واقعات معمول بن گئے جبکہ یہاں سے روزانہ ہزاروںکی تعداد میں گزرنے والی گاڑیاں اور موٹرسائیکل تباہ ہونے لگی ہیں’جھال پل کے آہنی جوڑ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے سے ٹریفک کی روانی میں بھی خلل پڑ رہا ہے اور حادثات کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔”ڈیلی بزنس رپورٹ” نے اس حوالے سے خبر شائع کی جس پر ڈویژنل کمشنر محترمہ مریم خان نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کو ہدایت کی ہے کہ جھال پل عبدالرشید غازی چوک (سابقہ جی ٹی ایس چوک) سے ستیانہ روڈ کی طرف آتے ہوئے مذکورہ پل کے دونوں اطراف میں آہنی جوڑ فوری طور پر مرمت کروائے جائیں۔ واضح رہے کہ عرصہ دراز سے جھال پل کے دونوں اطراف میں ٹوٹنے والے آہنی جوڑ ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا باعث بن چکے ہیں۔شہری حلقوں نے ان کی درستگی کیلئے ”دہائی ” دی جسے”ڈیلی بزنس رپورٹ” میں اُجاگر کیا گیا۔شہری حلقو ں نے ڈویژنل کمشنر محترمہ مریم خان کی جانب سے جھال پل کے آہنی جوڑ دو روز میں درست کروانے کے احکامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے شہریوں کو درپیش مشکلات حل ہونگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں