IMFکی ایک او ر شرط پوری،کیپٹو پاور پلانٹس پر20فیصد تک لیوی عائد

اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی، کیپٹو پاور پلانٹس پر مرحلہ وار20فیصدتک لیوی لگے گی، صدرمملکت نے کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی عائد کرنے کے لیے آرڈیننس کی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے آف دی گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس آرڈیننس 2025پر دستخط کردیے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔اس آرڈیننس کے تحت کیپٹو پاور پلانٹس پر مرحلہ وار 20فیصد لیوی عائد کی جائے گی، فوری طور پر 5فیصد نافذالعمل ہوگئی، کیپٹو پاور پلانٹس پر جولائی 2025میں لیوی کی شرح 10فیصد اور فروری 2026میں 15جبکہ اگست 2026میں کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی 20فیصد ہو جائے گی۔ یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے صنعتوں کے لیے گیس کی قیمت میں اضافے کی منظوری دی تھی۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا، جس میں کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے ٹیرف میں 500روپے فی ایم ایم بی ٹو کے اضافے کی منظوری دی گئی تھی، تاہم گھریلو صارفین کے لیے گیس مہنگی کرنے کی تجویز کو مسترد کر دیا گیا تھا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس ٹیرف 3ہزار سے بڑھاکر 3500روپے فی ایم ایم بی ٹو مقرر کر دیا تھا۔ذرائع نے بتایا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے مطالبے پر کیپٹو پلانٹس کے لیے گیس ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے لیے قیمت ایل این جی کے برابر کر دی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں