مینڈیٹ چوری سے ملک کی جڑیں کھوکھلی ہوگئیں’ حامد رضا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مدارس کے طلبا قومی تعمیر میں اہم کردا ر ادا کریں گے۔ ملک عزیز پاکستان کو نظام مصطفی کا گہوارہ بنائیں گے۔ محدث اعظم پاکستان نے ہزاروں علما کو علم دین پڑھاکر ملک کی خدمت کی۔ مدارس اہلسنت رشد و ہدایت کے مراکز ہیں۔ دینی مدارس میں عصری تعلیم کے تقاضے پورے کیے جارہے ہیں۔ دینی مدارس اور یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلبا کو یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔نفاذ نظام مصطفی قوم کے تمام مسائل کا حل ہے۔ مینڈیٹ چوری کے نظام نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 64ویں سالانہ عرس اما م اعظم و محدث اعظم و قائد ملت اسلامیہ صاحبزادہ حاجی فضل کریم کے موقع پر 78ویں سالانہ جلسہ دستار فضیلت و ختم بخاری شریف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق و سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامدرضا نے کی۔ جلسہ دستار فضیلت و ختم بخاری شریف میں جماعت اہلسنت پاکستان کے سابق مرکزی ناظم اعلی پیر خالد سلطان، شرقپور شریف کے پیر میاں جلیل احمد شرقپوری، پیر سید فدا حسین شاہ حافظ آبادی، پیر ضیا المصطفی حقانی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، الحاج سرفراز تارڑ، ملک بخش الہی، پیر طارق ولی چشتی، مولانا فاروق القادری، پیر محمود عباسی، حسن ذکا نیاز ی ایم پی اے، رانا اسد محمود خان ایم پی اے، حاجی بشارت علی ڈوگرایم پی اے، میاں خیال احمد کاسترو ایم پی اے،رانا عبد الرزاق ایم پی اے، نسیم صادق ڈوگر ایم پی اے و دیگر نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ختم بخاری شریف کا سبق رئیس المدرسین مولانا محمد سلطان چشتی نے پڑھایا۔ جامعہ رضویہ نے 200سے زائد علما، حفاظ اور قرآ حضرات نے سند فراغت حاصل کی۔ تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وفاق المدارس کے چیئرمین صاحبزادہ حسین رضا نے کہا کہ مدارس پر لگے ہوئے شدت پسندی کے داغ کو ختم کریں گے۔ مدارس اور طلبا نے ہمیشہ امن کو فروغ دیا۔ پیر خالد سلطان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ رضویہ دینی علوم کی عظیم درسگاہ ہے۔علم کی پیاس بجھانے کے لیے ملک بھر سے طلبا جامعہ رضویہ آتے ہیں۔ پیر سید فدا حسین شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ رضویہ سالانہ بنیادوں پر ہزاروں علما کی کھیپ تیار کرکے دینی خدمت کا عظیم فریضہ سرانجام دے رہا ہے۔ جامعہ رضویہ کے زیر انتظام وفاق المدارس بورڈ سے کم و بیش 8ہزار مدارس رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ پیر ضیا المصطفیٰ حقانی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس کے خلاف سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ تقریب کے اختتام پر فارغ التحصیل طلبا کی دستاری بندی کی گئی اور ان کے اعزاز میں جامعہ رضویہ کی طرف سے عشائیہ بھی دیا گیا۔ تقریب میں فارغ التحصیل طلبا کے اہل خانہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں