ڈیلی بزنس رپورٹ کی خبر پر کمشنر کا ایکشن،نہروں،راجباہوں سے نکالی گئی بھل اٹھانے کا کام شروع

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مریم خان نے ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے نہروں’ راجباہوں اور نالوں سے نکالی جانے والی ”بھل” اٹھوانے کا حکم دیا’جس پر متعلقہ اداروں نے بھل اٹھانا شروع کردی’تاہم سڑکوں کی مکمل صفائی نہ ہو سکی’ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ بھل اٹھائے جانے کے بعد ویسٹ ورکرز کو بھی پابند کیا جائے کہ وہ سڑکوں پر جھاڑو سے صفائی کریں۔ تفصیل کے مطابق ”ڈیلی بزنس رپورٹ” نے گزشتہ روز خبر شائع کی تھی کہ راجباہوں’ نہروں’ نالوں سے نکالی گئی بھل شہریوں کیلئے مصیبت بن گئی جس پر کمشنر فیصل آباد مریم خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے محکمہ انہار اور دیگر محکموں کو سڑکوں کنارے پڑی بھل کو فوری اٹھوانے کے احکامات جاری کئے تو متعلقہ محکموں نے سڑکوں کنارے پڑی بھل کو اٹھانا شروع کر دیا۔ اکثر مین شاہراہوں سے بھل کو اٹھا دیا گیا۔ تاہم ویسٹ ورکرز کی جانب سے سڑکوں کی صفائی نہ ہونے سے اڑنے والی دھول ختم نہ ہو سکی۔ ٹریفک کے گزرنے کے دوران اڑنے والی دھول سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہونے لگی بلکہ شہریوں کو سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔ شہری حلقوں نے کمشنر مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٍٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں کنارے پڑی بھل اٹھائے جانے کے بعد سڑکوں کی مکمل صفائی کروائی جائے اور ویسٹ ورکرز کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ نہروں’ راجباہوں اور نالوں کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر جھاڑوں دیکر مکمل صفائی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں