یوم یکجہتی کشمیر پر فیصل آباد ڈویژن میں ریلیاں ،سیمینارز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ملک کے دوسرے شہروں کی طرح فیصل آبادڈویژن میں بھی یوم یکجہتی کشمیر اس عزم کے اعادہ کے ساتھ منایا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے کشمیری بھائیوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی۔دن کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے حریت پسندوں کی فتح و نصرت کی دعاں اور کشمیری شہدا کی ارواح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی سے ہوا۔ڈویژنل انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مختلف پروگرامز ترتیب دیئے گئے۔تعلیمی اداروں میں آزادی کشمیر کے موضوع پر تقریری مقابلے اور سیمینارز منعقد ہوئے۔ شاہراں، چوکوں اور دیگر اہم عوامی مقامات پر کشمیر بنے گا پاکستان،کشمیر کی آزادی ہر پاکستانی کے دل کی آواز،پرامن کشمیر،پرامن دنیا کی تصویر،آزادی کشمیر عنقریب، جدوجہد آزادی کشمیر زندہ باد،مسئلہ کشمیر اقوام عالم کی توجہ کا طالب اور دیگر نعرے درج تھے۔مختلف سیاسی، سماجی،مذہبی،کاروباری اور دیگر تنظیموں کی طرف سے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے اظہار کے لئے مختلف تقریبات،ریلیز، سیمینارزاور دیگر پروگرامز منعقد ہوئے۔اس موقع پر شرکا نے عالمی طاقتوں سے کہا کہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کا بازار ختم کراکر انہیں آزادی کی نعمت سے سرفراز کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے عالمی رائے عامہ کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لئے اثر و رسوخ اور کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے جسے بھارتی غاصبوں سے آزاد کراکر دم لیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں