کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے’مریم نواز

لاہور (بیوروچیف)وزیراعلیٰ مریم نواز نے یومِ یکجہتی کشمیر پر پیغام میں کہا ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبت لہو بن کر دوڑتی ہے ،سلام ان کشمیری بہن بھائیوں کو جو سات دہائیوں سے بھارتی سفاکیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے کشمیر میں جاری خونریزی اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف اپنا کردار ادا کریں ،کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے کہا پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر محاذ پرجاری رکھے گا۔ ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے ۔ کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھیں گے ۔ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور لبرٹی چوک میں محکمہ اطلاعات وثقافت کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب ہوئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے لبرٹی چوک میں شمع آزادی روشن کی۔ انہوں نے شہدا کشمیر کی یادگار پر پھول رکھ کر نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔ تقریب میں علامتی خاموشی اختیار کی گئی۔ مریم نواز نے شہدا کشمیر کے لئے دعا مغفرت کی۔لبرٹی چوک کی تقریب میں کشمیر کی مناسبت سے پکچر وال کی نما ئش اور بل بورڈ بھی نصب کئے گئے ۔کشمیری رہنماں اور شہدا کی تصاویر کو سلا خیں لگا کر علامتی جیل بنائی گئی ۔ لبرٹی چوک کے اطراف میں بھارتی مظالم اور بربریت کے مناظر پر مبنی پینا فلیکس آویزاں کی گئیں ۔ آئی ایس پی آر کا تیار نغمہ بھی پیش کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے پرنس کریم آغا خان کے انتقال پردکھ اور افسوس کااظہار کیاہے ۔ مریم نواز نے سوگوار خاندان اور دیگر متعلقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں