تھانہ پیپلز کالونی کے علاقوں میں ڈاکوؤں نے ات مچا دی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ پیپلزکالونی کے علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں کے گروہوں نے ”ات” مچا دی، روزانہ درجن سے زائد وارداتیں، پولیس مجرمانہ غفلت کا شکار’ علاقہ مکین سراپا احتجاج۔ تفصیل کے مطابق تھانہ پیپلزکالونی کے علاقوں بالخصوص چھوٹی ڈی گرائونڈ میں ڈاکے اور چوریاں معمول بن گیا ہے’ موٹرسائیکل ڈاکوئوں کا گروہ دن دیہاڑے’ سرشام لوگوں کو گن پوائنٹ پر لوٹ کر فرار ہو جاتا ہے، چھوٹی ڈی گرائونڈ میں موٹرسائیکل سوار دو ڈاکوئوں نے لوگوں سے نقدی وقیمتی سامان لوٹنا شروع کر رکھا ہے۔ گزشتہ رات مدنی سٹریٹ میں ان ڈاکوئوں نے احمد نامی شہری کو ہراساں کر کے اس سے 15ہزار روپے چھین لئے’ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو دیدی گئی مگر اس کے باوجود ابھی تک ڈاکوئوں کے اس گروہ کا سراغ نہ لگایا جا سکا ہے۔ تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ میں ”ڈاکو راج” قائم ہو چکا ہے جبکہ چوروں کے گروہوں نے بھی لوگوں کا ناک میں دم کر رکھا ہے اور وہ آئے روز کبھی کسی شہری کی موٹر اتار کر لے جاتے ہیں تو کبھی کسی اے سی کا آئوٹ ڈور چوری ہو جاتا ہے، الغرض چوروں کا گروہ جو ہاتھ آئے لے اُڑتا ہے، اس صورتحال سے علاقہ مکینوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا ہے اور وہ پولیس کی مجرمانہ غفلت پر سراپا احتجاج ہیں۔ علاقہ مکینوں نے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ بالخصوص چھوٹی ڈی گرائونڈ میں ڈکیتی وچوری کی وارداتوں کا فوری نوٹس لیں اور موثر پولیس گشت اور پٹرولنگ کیلئے فوری احکامات جاری کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں