پاکستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف کئی ریکارڈ بناڈالے

کراچی (سپورٹس نیوز) سہ ملکی سریز کے اہم میچ میں پاکستان نے محمد رضوان اور سلمان آغا کی شاندار سنچریوں کی بدولت جنوبی افریقا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے اس میچ میں نئی تاریخ رقم کی، سلمان آغا 103گیندوں پر 134رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جب کہ کپتان محمد رضوان 122رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔پاکستان کی جانب سے پہلی مرتبہ 2مڈل آرڈر بیٹرز نے ایک اننگز میں سنچریاں اسکور کی ہیں۔مجموعی طور پر پاکستان کی جانب سے ون ڈے کی اننگز میں 2سنچریاں 27ویں بار بنائی گئی ہیں۔سلمان آغا اور محمد رضوان نے پاکستان کی جانب سے چوتھی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت بھی بنائی ہے۔سلمان آغا اور محمد رضوان نے چوتھی وکٹ پر 260رنز کی شراکت بنائی۔آج کے میچ میں نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلیگئے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو 353رنز کا ہدف دیا جو قومی ٹیم نے محمد رضوان اور سلمان آغا کی شاندار سنچریوں کی بدولت 4وکٹوں کے نقصان پر 49اوور میں پورا کرلیا۔یہ پاکستان کی جانب سے اب تک کامیابی سے مکمل کیا گیا سب سے بڑا ہدف ہے، ون ڈے انٹرنیشنل کی تاریخ میں پاکستان نے کبھی اتنا بڑا ہدف حاصل نہیں کیا تھا۔اس سے قبل پاکستان نے 2022میں آسٹریلیا کے خلاف 349رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں