انتظامیہ کی وارننگ،چھوٹی ڈی گراؤنڈ کے دکانداروں نے از خود تجاوزات ختم کرنا شروع کردیں

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق کمشنر فیصل آباد مریم خان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمہ کیلئے مختلف علاقوں میں دکانداروں کو تجاوزات ختم کرنے کی وارننگ کے بعد شہر کے پوش علاقہ پیپلز کالونی نمبر1چھوٹی ڈی گرائونڈ کے تاجروں نے از خود تجاوزات ختم کردیں،ضلعی انتظامیہ و میونسپل ریگولیشن آفیسر محترمہ حافظہ عظمت فردوس کا کہنا ہے کہ اگردکاندارو شہری اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے از خود تجاوزات ختم کردیں تو ان علاقوں میں آپریشن نہیں کیا جائیگا۔ تفصیل کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی طرف سے پیپلز کالونی نمبر1چھوٹی ڈی گرائونڈ کے گردو نواح میں تاجروں اور شہریوں کو وارننگ دیتے ہوئے تجاوزات ختم کرنے کا الٹی میٹم دیا تھا جس پر چھوٹی ڈی گرائونڈ کے تاجروں نے از خود تجاوزات کو ختم کرنا شروع کردیا اور تقریباً 70فیصد تاجروں نے از خود پختہ وعارضی تجاوزات کو ختم کردیا اور دیگر تجاوزات کو ختم کررہے ہیں جس پر میونسپل ریگولیشن آفیسر عظمت فردوس کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے شہر بھر میں گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ تاجروں اور شہریوں کوچاہیے کہ وہ فرض شناس شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے از خود تجاوزات کا خاتمہ کردیں تو اس طرح ان کا نقصان کم ہوگا اور ان علاقوں میں آپریشن بھی نہیں کیا جائیگا۔ چھوٹی ڈی گرائونڈ کے تاجروں اور شہریوں کی جانب سے ازخود تجاوزات ہٹائے جانے پر وہاں انسداد تجاوزات آپریشن نہیں کیا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں