حکومت کی مثالی کارکردگی،1سال میں 120اصلاحات

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان میں صرف بارہ ماہ کے عرصے میں ایک سو بیس سے زائد اصلاحات نافذکردی گئیں،شہباز شریف حکومت کی اصلاحات کی یہ رفتار بے مثال ہے، ورلڈاکنامک فورم کے کنٹری پارٹنر مشعل نے پاکستان ریفارمز رپورٹ دو ہزار پچیس جاری کر دی گئی۔ مشعل کی رپورٹ میں سرمایہ کاری ماحول کی بہتری کیلئے ایس آئی ایف سی کے کردارکی تعریف کی گئی، پالیسی سازی میں بہتری کو پاک فوج کے ادارہ جاتی تعاون کا نتیجہ قرار دیا گیا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مستقبل کی حکمت عملی وضع کرنے کیلئے شراکت داروں کی شمولیت، شفافیت اور معلومات تک رسائی انتہائی اہم ہے۔ ایس آئی ایف سی کی بدولت سرمایہ کاری ماحول میں بہتری آئی،اسی نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے استحکام دیا، ڈالر اسمگلنگ اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کیخلاف کریک ڈائون سے پاکستان کی معاشی ترقی کے امکانات بڑھ گئے۔ مشعل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس وقت غیر معمولی تبدیلیوں کے عمل سے گزر رہا ہے۔ شہباز شریف حکومت کی مارچ 2024 سے جنوری 2025 تک کی گئی وسیع اصلاحات اس تبدیلی کی بنیاد ہیں۔ شہبازحکومت کی اصلاحات کی اِس رفتارکی مثال نہیں ملتی،اخراجات میں کمی کیلئے ڈیڑھ لاکھ آسامیاں ختم کی گئیں، معاشی شرح نمومیں اضافہ ہوا اور زرمبادلہ کے ذخائر میں استحکام آیا، دسمبر میں مہنگائی 28 فیصد سے کم ہو کر 4.1 فیصد پر آگئی، تجارتی خسارہ بھی کم ہوا ہے ۔مشعل پاکستان کاماننا ہے کہ شہبازشریف حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے بزنس سہولت سینٹرز قائم کئے،متعدد وزارتوں اورڈویژنزمیں ای آفس سسٹمز لائے گئے،قانونی و عدالتی اصلاحات کرتے ہوئے تنازعات کے تیزتصفیے کیلئے بین الاقوامی ثالثی سینٹر قائم کیا گیا، لیگل سسٹم کی ڈیجیٹائزیشن کے بعد وفاقی قوانین آن لائن دستیاب ہیں۔سیاحت اور بزنس کے فروغ کیلئے پاکستان آمد پر ویزہ کا اجرا کیا گیا، سرکاری اداروں میں خواتین کی 33 فیصد نمائندگی پر عمل بھی کیا جا رہا ہے،رپورٹ میں انفارمیشن ، فوڈ سیکیورٹی،تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات کا بھی ذکر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں