سی ایس ایس امتحان کا آغاز 15ہزار امیدوار شریک

اسلام آباد (بیوروچیف) فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحت وفاقی سروس میں شمولیت کیلئے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 15فروری سے مسابقتی امتحان سی ایس ایس 2025کا آغاز ہو گیا،چاروں صوبوں، گلگت بلتستان ،آزاد کشمیر کے 19شہروں میں 80سنٹرز قائم ۔ شیڈول کے مطابق امتحان 23فروری تک جاری رہے گا۔ 15فروری کو انگریزی (ایسیز) اور انگریزی (پریسائز اینڈ کمپوزیشن) امتحان شیڈول کے مطابق ہوا، پہلا پرچہ صبح 9سے 12بجے ،دوسرا دوپہر 2سے 5بجے تھا، فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے مطابق لازمی مضامین کا امتحان 17فروری تک ہو گا، جس کے بعد آپشنل مضامین کا امتحان 23 فروری تک جاری رہے گا، ذرائع کے مطابق گزشتہ روز امتحان کے پہلے روز امتحانی پرچے میں حب الوطنی ، حماس، اسرائیل تنازعہ کے حوالے سے مضامین لکھنے کے سوالات شامل تھے، ذرائع کے مطابق امتحانی پرچہ جات کی سیلڈ جوابی کاپیوں کی ترسیل پاکستان پوسٹ کے تحت جاری ہے۔ تمام شہروں کے جنرل پوسٹ آفسز میں خصوصی انتظامات کئے گئے ، ایف پی ایس سی کے ذرائع کے مطابق سی ایس ایس 2025کیلئے ملک بھر سے 25 ہزار سے زائد امیدواروں نے اپلائی کیا تھا تاہم تحریری امتحان میں 15ہزار کے قریب نے شرکت کی، امیدواروں میں سب سے زیادہ تعداد لاہور شہر کے امتحانی سنٹرز میں ریکارڈ کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں