ڈاکٹر عامر نوید کی پیشہ وارانہ خدمات کا اعتراف،ایم ایسFICتعینات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے گریڈ19 کے اے پی ایم او ڈاکٹر عامر نوید کو میڈیکل سپرنٹنڈنٹ فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی تعینات کر دیا،جنہوںنے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ تفصیل کے مطابق معروف ڈاکٹر عامر نوید قبل ازیں گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال غلام محمد آباد میں بطور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں۔ موصوف نے غلام محمد آباد ٹیچنگ ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور پیشہ وارانہ مہارت کے باعث مشینری کو فعال کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ ملک بھر میں کورونا کی وباء کے دوران گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد میں اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر کورونا کے مریضوں کے علاج معالجہ میں گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔ ڈاکٹر عامر نوید کا شمار شہر کے معروف ڈاکٹرز میں ہوتا ہے۔ سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے انکی پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹر عامر نوید کو فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بطور ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تعینات کرتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایف آئی سی کا چارج بھی دے دیا۔ یاد رہے کہ چند روز قبل ایم ایس ایف آئی سی ڈاکٹر محمد ندیم اختر کو ہٹا کر ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے۔ شہری حلقوں کی طرف سے فیصل آباد ڈویژن کے دل کے سب سے بڑے ہسپتال ایف آئی سی میں ڈاکٹر عامر نوید کو بطور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عامر نوید کی تعیناتی سے دل کے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی میں بھرپور مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں