بارش سے موسم خوشگوار،بجلی کی بندش سے شہری پریشان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں رات سے شروع ہونے والی بارش آج دن کو بھی وقفے وقفے سے جاری رہی’ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم مزید سرد اور خوشگوار ہو گیا، بارش کے دوران فیسکو کی ناقص کارکردگی کا پول بھی کھل گیا اور ان کے دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے، 70سے زائد فیڈر بند رہنے کے باعث کئی علاقوں میں بجلی غائب رہی، اس صورتحال کے باعث واسا کے پمپنگ سٹیشن بھی نہیں چل سکے اور شہر میں پانی کی قلت محسوس ہوئی، بجلی کی آنکھ مچولی سے کئی علاقوں میں شہریوں کی قیمتی الیکٹرانک اشیاء کو نقصان پہنچا، فیسکو کی ناقص کارکردگی پر شہری برہم نظر آئے۔ فیصل آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق کل 21فروری تک بارشیں جاری رہیں گی۔ بارشوں سے گندم کی فصل پر مثبت اثرات پڑیں گے۔ لوگوں نے طویل خشک سالی جیسی صورتحال کے بعد ہونے والی بارشوں پر سکھ کا سانس لیا اور طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں سے موسمی امراض کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی، فضائی آلودگی کے باعث لوگ بخار’ گلے’ کھانسی اور دیگر موسمی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے تھے تاہم اب ان امراض میں نمایاں کمی یقینی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں