وزیراعظم کی ٹیکس کیسز میں جلد فیصلوں کی استدعا

اسلام آباد(بیوروچیف) وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی سے چیف جسٹس ہائوس میں ملاقات ہوئی، وزیرِ اعظم نے چیف جسٹس کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا وزیر اعظم نے چیف جسٹس کے جنوبی پنجاب، اندرون سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے دور دراز علاقوں کا دورہ کرنے اور ملک میں انصاف کی مثر و بروقت فراہمی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے اقدام کو سراہا۔ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے ملکی معاشی صورتحال اور معاشی و سکیورٹی چیلنجز پر بھی گفتگو کی، وزیرِ اعظم نے ملک کی مختلف عدالتوں میں طویل مدت سے زیر التوا ٹیکس تنازعات کے حوالے سے آگاہ کیا اور چیف جسٹس سے ان کیسز میں میرٹ پر جلد فیصلوں کی استدعا کی۔چیف جسٹس نے وزیراعظم سے نظام انصاف میں بہتری لانے کیلئے تجاویز بھی مانگ لیں، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے وزیرِ اعظم کی جانب سے نظام انصاف کی بہتری کیلئے کی گئی گفتگو کا خیر مقدم کیا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو لاپتہ افراد کے حوالے سے مثر اقدامات میں تیزی لانے کی بھی یقین دہانی کروائی۔ملاقات میں وفاقی وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، رجسٹرار سپریم کورٹ محمد سلیم خان، سیکرٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان تنزیلہ صباحت بھی شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں