مقابلہ میں ہلاک ڈاکو ریکارڈ یافتہ نکلے،شہید ڈولفن اہلکار سپرد خاک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر کے علاقہ ستیانہ روڈ چوکی خانوآنہ کے قریب پولیس مقابلہ کے دوران ایک ڈولفن اہلکار شہید’ دوسرا زخمی ہو گیا جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو ڈاکو اپنے انجام کو پہنچ گئے، شہید ہونیوالے ڈولفن اہلکار آصف بھٹی کی نمازجنازہ گزشتہ رات پولیس لائن میں ادا کر دی گئی، نمازجنازہ میں آر پی او ذیشان اصغر’ سی پی او صاحبزادہ بلال اصغر’ ایس ایس پی آپریشن سمیت پولیس افسران واہلکاران کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور شہید کو اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گائوں میں سپردخاک کر دیا گیا۔ جبکہ پولیس مقابلہ میں مارے جانے والے ڈاکوئوں کی شناخت عمران عرف مانی اور اقبال عرف بالی کے ناموں سے ہوئی، جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے اور ان کا تعلق کھڈیاں وڑائچاں کے شاہ گینگ سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈولفن اہلکار آصف بھٹی’ ظہور’ حسنین اور نصیر احمد خانوآنہ کے قریب 781 گ ب روڈ گشت کر رہے تھے کہ اسی دوران تین موٹرسائیکلوں پر سوار 8مسلح افراد آئے اور مشکوک پا کر ان کو رُکنے کا اشارہ کیا تو مسلح موٹرسائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کر دی اور مسلح افراد سڑک سے ملحقہ کیکروں میں چھپ کر ان پر فائرنگ کر دی، جس پر ڈولفن اہلکاروں نے ریسکیو15 پر کال کرتے ہوئے ان کا تعاقب کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی تو اس دوران ڈولفن ایلیٹ فورس سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی تو اس دوران ڈولفن اہلکار محمد آصف بھٹی کے سینے میں گولیاں لگنے سے وہ بری طرح زخمی ہو کر گر پڑا تو اس کا ساتھی ڈولفن اہلکار ظہور نے اسکو سنبھالا دیا تو ڈاکوئوں کی گولی لگنے سے ظہور بھی زخمی ہو گیا اور تقریباً آدھ گھنٹہ تک مقابلہ جاری رہا۔ جب فائرنگ کا تبادلہ رُکا تو پولیس نے کیکروں کے قریب جا کر دیکھا تو دو ڈاکو زخمی حالت میں پڑے تھے، جن کو ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، ان کی شناخت اقبال عرف بالی گجر ولد عبدالستار سکنہ 80گ ب اور دوسرے کی شناخت عمران عرف مانی ولد اکبر سکنہ شکیل پارک نشاط آباد کے ناموں سے ہوئی، جبکہ ان کے دیگر ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، پولیس ذرائع کے مطابق مارے جانے والے دونوں ڈاکوئوں کا تعلق کھڈیاں وڑائچاں کے قاسم عرف گلفام شاہ گینگ سے ہے۔ ڈاکوئوں کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں