خوشخبری،پاکستان کیلئے 397ملین ڈالر امریکی فنڈز بحال

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) ٹرمپ انتظامیہ نے غیر ملکی امداد کے منجمد فنڈز میں سے پاکستان سے متعلق پروگراموں کے لئے 397ملین ڈالر سمیت 5.3ارب ڈالر جاری کر دیئے ہیں۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے 5.3ارب ڈالر کی منجمد شدہ غیر ملکی امداد میں سے زیادہ تر سکیورٹی اور انسداد منشیات پروگراموں کے لئے فنڈز جاری کیے ہیں جبکہ انسانی ہمدردی کی امداد کے لیے محدود فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ امریکی کانگریس کے ایک عہدیدار کے مطابق پاکستان میں امریکی حمایت یافتہ پروگراموں کے لئے 397ملین ڈالرز مختص کئے گئے ہیں۔ یہ فنڈز خاص طور پر ایف-16طیاروں کے استعمال کی نگرانی سے متعلق ہیں۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق یو ایس ایڈ کے پروگراموں کے لئے 100ملین ڈالر سے کم فنڈز جاری کئے گئے ہیں جبکہ ریڈ کراس کے لیے علیحدہ سے 56 ملین ڈالر فراہم کئے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار سنبھالنے کے بعد غیر ملکی امداد روکنے کا حکم دیا تھا، تاہم اب یہ فنڈز جاری کیے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں