8 ممالک سے مزید 45 پاکستانی بے دخل

کراچی (بیوروچیف) سینیگال سے انسانی اسمگلنگ کے لیے پہنچے3نوجوانوں سمیت8 ملکوں سے مزید 45پاکستانیوں کو بے دخل کر دیا گیا، جن میں سے 5کو کراچی میں انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کی حراست میں دے دیا گیا۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق سینیگال میں مختلف ذرائع سے پہنچے 3پاکستانی نوجوانوں کو یورپ اسمگل کیے جانا تھا مگر مقامی اتھارٹیز نے انہیں حراست میں لے کر پاکستانی سفارت خانے کے ذریعے واپس بھیج دیا، جنہیں اے ایچ ٹی سی نے حراست میں لے لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے بلیک لسٹ 5اور سزائیں پوری ہونے والے 6افراد سمیت 14پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا، جن میں منشیات فروشی کا ایک ملزم بھی شامل ہے۔ امیگریشن ذرائع نے کہا ہے کہ رومانیہ و عمان میں زائد المیعاد قیام اور ویزا ختم ہونے سمیت مختلف الزامات پر 12پاکستانیوں کو بے دخل کر دیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں زائد المیعاد قیام، غیر قانونی انٹری اور دیگر الزامات پر 7پاکستانیوں کو واپس بھیج دیا گیا۔ امیگریشن ذرائع کا کہنا ہے کہ عراق میں زائد المعیاد قیام پر 1، قطر اور جنوبی افریقا میں پاسپورٹ گم ہونے پر 6پاکستانیوں کو واپس بھیج دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں