کرکٹر محمد حفیظ کی قومی ٹیم کی سلیکشن کرنیوالوں پر کڑی تنقید

لاہور (سپورٹس نیوز) قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کرنے والے کو سمگلر قرار دے دیا۔ ایک آن لائن شو پر پاکستان کی اننگز کے اختتام پر بات کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ جس نے یہ ٹیم بنائی وہ مطمئن سمگلر کی طرح لیٹا ہوگا، مصیبت ہمیں ڈالی ہوئی ہے کہ اوپنر کون ہے؟ نمبر 3 پر کون ہے؟ بالر کون ہے؟ ان کو سلیوٹ ہے۔محمد حفیظ کے علاوہ اور کئی دیگر صحافیوں نے بھی بھارت کیخلاف چیمپئنز ٹرافی کے اس اہم میچ میں قومی ٹیم کی شکست کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو آڑے ہاتھوں لیا۔ سینئر صحافی مبشر زیدی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ ابھی بھی اگر کسی کو سمجھ نہیں آ رہی کہ محسن نقوی انتہائی فارغ آدمی ہے تو پھر پاکستانی کرکٹ کا مستقبل مخدوش سے مخدوش تر ہوگا۔ایک اور صحافی اسد اللہ خان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ زیادہ دل چھوٹا نہ کریں جب پاکستان کے سبھی ادارے تباہ ہو چکے ہیں تو کرکٹ کونسا آسمان سے اتری ہے۔ سابق گورنر سندھ زبیر عمر نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ محسن نقوی کی قیادت میں یہ مسلسل تیسرا ٹورنامنٹ ہے جس میں پاکستان گروپ مرحلے سے باہر ہو جائے گا،کیا اسے استعفیٰ نہیں دینا چاہیے؟۔ خاتون صحافی ثمینہ پاشا نے میچ کے حوالے اپنے جذبات کا اظہار کچھ ان الفاظ میں کیا۔ ایک اور صحافی رضوان گوندل نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ محسن نقوی جو ایک ٹی وی چینل نہیں چلا سکے صرف ایک شخصیت کے ساتھ قریبی تعلق کی بنیاد پر اہم ترین عہدے لے کر بیٹھے ہیں اور نتائج یہ ہیں کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے پہلے مرحلے میں آٹ ہوچکا ہے۔ جہاں میرٹ (انصاف) نہ ہو وہاں کبھی برکت نہیں ہوتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں