ملک بھر میں بارشیں،برف باری،حادثات میں9افراد جاں بحق

اسلام آباد (بیوروچیف) ملک میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بارش کے باعث موسم خوشگوار اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا دوسری جانب ملک میں بارشوں کا دھواں دھاراسپیل کے دوران مختلف حادثات میں9افراد جاں بحق ہوگئے’راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث موسم خوشگوار اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا، خیبر پختونخوا میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش کالام میں 22ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران پشاور، نوشہرہ ، مردان ، چارسدہ ، صوابی ،چترال ، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ ،ایبٹ اباد ، ہری پور، مانسہرہ ، بٹگرام ، کوہستان، تورغر،باجوڑ ، مہمند ، کوہاٹ ، ہنگو ، کرک ، لکی مروت، بنوں ، کرم، ڈی آئی خان ، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیر ستان میں بارش اور بالائی اضلاع میں پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔گزشتہ روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش اور مالم جبہ میں برف باری ہوئی، کالام میں 22، پارا چنار اور دیر میں 16ملی میٹر بارش ہوئی، اس کے علاوہ مالم جبہ میں 12اور پشاور میں 11ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ پارا چنار میں درجہ حرارت منفی 3،کالام میں منفی 1ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔اس کے علاوہ شانگلہ اور مانسہرہ میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے، وادی کاغان میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔دیربالا اور سوات میں بارش اوربرفباری سے سردی لوٹ آئی، مالم جبہ، کالام اور مہوڈنڈ میں برفباری سے ہرسو سفیدی چھاگئی۔ بلوچستان میں بھی خوب بارش برسی، چمن میں آندھی سے گھروں کی دیواریں اور بجلی کے ٹاورگرگئے۔پنجاب کے شہروں شیخوپورہ، فاروق آباد، رینالہ خورد، کلورکوٹ، شرقپورشریف اوردیگرعلاقوں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔دوسری جانب چترال میں بارش اور برف باری کا سلسلہ گزشتہ روز سے جاری ہے، اپر اور لوئر چترال کے بیشترعلاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، چترال شہر اور نواحی علاقوں میں بھی برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا، گرم چشمہ، شیشی کوہ، مدک لشٹ سمیت مختلف علاقوں میں برف باری جاری ہے۔انتظامیہ کے مطابق لواری ٹنل پر اب تک 14 انچ تک برف پڑچکی ہے، چترال پشاور روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلا ہے، اپر چترال میں بھی برف باری جاری ہے، متعدد دیہات نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔تورکہوروڈورکوپ ژوڑی دان کے مقام پر برفانی تودہ گرنے سے ٹریفک کے لیے بند ہوگئی، بونی میں اب تک 6 انچ تک برف پڑچکی ہے جبکہ اپر اور لوئر چترال کے کئی علاقوں میں رات سے بجلی غائب ہونے سے علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے مسافروں کو غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کردی، ضلعی انتظامیہ نے ڈرائیورز کو دوران سفر سنو چین کے استعمال کی ہدایات دی گئی ہیں۔دوسری جانب بارش کے باعث مختلف حادثات میں 2 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ خاتون اور متعدد زخمی ہوگئے۔کرک میں مکان کی چھت گرنے سے 2 کمسن بہن بھائی جاں بحق ہوئے جبکہ خاتون اور 2 بچے زخمی ہوگئے۔ ایک اور واقعے میں وادی نیلم میں 3 افراد برفانی تودے تلے دب کرلقمہ اجل بن گئے۔اٹک میں سڑک پر پھسلن سے بس کھائی میں جاگری جس کے باعث 3 افراد جان سے گئے جبکہ حادثے میں 9 زخمی ہوئے۔گلیات میں برف باری کے بعد پھسلن کی وجہ سے گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ پشاور میں کوہاٹ روڈ پر مکان کی چھت تلے دب کر 4 بچے زخمی ہوگئے۔جمرود کے علاقے ملا گوری میں بارش کے باعث کمرے کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی، خاتون کی لاش کو ملبے تلے سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا گیا، خاتون دینی مدارس کی حافظ ومعلمہ تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں