7ماہ میں تجارتی خسارہ41فیصد بڑھ گیا

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان کا9 ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارتی خسارہ مالی سال 25کے پہلے 7ماہ کے دوران 40.42فیصد اضافے کے ساتھ 6ارب 37کروڑ 90لاکھ ڈالر رہا، جو ایک سال قبل4ارب 54کروڑ 30لاکھ ڈالر تھا۔ رپورٹ کے مطابق علاقائی ممالک کے ساتھ تجارتی خسارہ بنیادی طور پر چین، بھارت اور بنگلہ دیش سے زیادہ درآمدات کی وجہ سے بڑھا، گزشتہ سال کے مقابلے میں جولائی تا جنوری مالی سال 25کے دوران افغانستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کو برآمدات میں غیر معمولی اضافہ ہوا، اس نمو نے بڑی حد تک چین کو برآمدات میں کمی کو پورا کیا ہے۔مالی سال 24میں ان ممالک کے ساتھ تجارتی خسارہ 9ارب 50کروڑ ڈالر سے زائد رہا، جو اس سے پچھلے سال کے 6ارب 38کروڑ 20لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 49فیصد زیادہ ہے۔جولائی تا جنوری مالی سال 25کے دوران پاکستان کی 9 ممالک افغانستان، چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھارت، ایران، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کو برآمدات 5.91فیصد اضافے کے ساتھ 2ارب 76کروڑ 30لاکھ ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 2ارب 60کروڑ 9لاکھ ڈالر تھیں۔مالی سال 2025کے 7ماہ میں پاکستان کی مجموعی برآمدات 19 ارب 58 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو مالی سال 24 کے 7 ماہ کے 17 ارب 77 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 10.16 فیصد زیادہ ہیں، مجموعی برآمدات میں علاقائی ممالک کا حصہ صرف 14 فیصد ہے۔اسی طرح مالی سال 25 کے 7 ماہ میں درآمدات 27.83 فیصد اضافے کے ساتھ 9 ارب 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہیں، جو مالی سال 24 کے 7 ماہ میں 7 ارب 15 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھیں۔مزید تجزیے سے پتہ چلتا ہے کہ مالی سال 25 کے 7 ماہ میں چین سے درآمدات 27.99 فیصد اضافے کے ساتھ 8 ارب 90 کروڑ 7 لاکھ ڈالر رہیں۔مالی سال 25 کے 7 ماہ میں بھارت سے درآمدات 12.21 فیصد اضافے کے ساتھ 13 کروڑ 50 لاکھ 35 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال 12 کروڑ 62 ہزار ڈالر تھیں، مالی سال 2025 کے 7 ماہ میں افغانستان کو برآمدات 94.16 فیصد اضافے کے ساتھ 55 کروڑ 60 لاکھ 86 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں، جو ایک سال قبل 28 کروڑ 60 لاکھ 79 ہزار ڈالر تھیں، مالی سال 2024 کے 7 ماہ میں درآمدات 50 لاکھ 16 ہزار ڈالر کے مقابلے میں ایک کروڑ 50 لاکھ 21 ہزار ڈالر رہیں۔ایران کے ساتھ تجارت کے اعداد و شمار دستیاب نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں