انسداد تجاوزات آپریشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے انتظامیہ متحرک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد حافظہ عظمت فردوس کی زیرنگرانی انسداد انکروچمنٹ عملہ شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمہ کیلئے سرگرم۔ رمضان المبارک کے دوران شہر کے آٹھ بازاروں میں پختہ اور عارضی تجاوزات کرنے والوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، آٹھ بازاروں بالخصوص جھنگ بازار میں ریڑھی چھابڑی لگانے والوں کو ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد حافظہ عظمت فردوس کی جانب سے انسداد انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ چوک گھنٹہ گھر اور اس کے ملحقہ آٹھ بازاروں سمیت شہر بھر میں بڑی مارکیٹوں اور بازاروں کے ساتھ ساتھ گلی محلوں میں گھروں کے باہر گیراج’ تھڑے’ باتھ روم اور پختہ تجاوزات ختم کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ روزانہ شہر بھر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔ محترمہ حافظہ عظمت فردوس کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خاتمہ کے بعد دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے انہیں بھاری جرمانہ بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔ تاجروں اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ ازخود تجاوزات ختم کر دیں ورنہ بھاری مشینری کے ساتھ تجاوزات کا خاتمہ کرتے ہوئے عمارتوں کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کا زیادہ نقصان ہونے کا اندیشہ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران بھی انسداد تجاوزات کے خاتمہ کیلئے آپریشن بلاتعطل جاری رہے گا۔ آٹھ بازاروں کے علاوہ شہر کی مختلف شاہراہوں’ بازاروں’ مارکیٹوں کے باہر پھل وسبزی فروشوں کو ریڑھیاں لگانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں