آئی سی سی کی تازہ رینکنگ پاکستانی کھلاڑیوں کو شدید نقصان

دبئی (سپورٹس نیوز)چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کے بعد آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ میں قومی کھلاڑیوں کو شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ کئی اہم کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں نمایاں تنزلی دیکھنے میں آئی ہے۔ اوپنر فخر زمان تین درجے تنزلی کے بعد 621 پوائنٹس کے ساتھ 17ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کے وائٹ بال کپتان محمد رضوان جو نیوزی لینڈ کے خلاف صرف 3 اور بھارت کے خلاف 46 رنز بنا سکے، 16ویں سے 20ویں نمبر پر چلے گئے اور اب ان کے پوائنٹس 616 رہ گئے ہیں۔امام الحق جنہوں نے بھارت کے خلاف اپنے کم بیک میچ میں صرف 10 رنز بنائے، 582 پوائنٹس کے ساتھ 32ویں نمبر پر برقرار ہیں۔ اوپنر صائم ایوب جو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں انجری کے بعد ایکشن سے باہر ہیں آٹھ درجے نیچے آ کر 35ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں سلمان علی آغا 46 ویں نمبر پر موجود ہیں، ان کے 544 پوائنٹس ہیں۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 42 اور بھارت کے خلاف 19 رنز بنائے تھے۔بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف دبئی میں 51ویں سنچری اسکور کرنے کے بعد ایک درجہ ترقی کے ساتھ پانچویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں