ڈاکوؤں نے ممتاز عالم دین کا گھر لوٹ لیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائیوو روڈ پر واقع ریاض الجنہ ہائوسنگ سوسائٹی میں مسلح ڈاکوئوں کے چار رکنی گروہ نے گن پوائنٹ پر ممتاز عالم دین علامہ عدیل یوسف صدیقی کا گھر لوٹ لیا’ 40لاکھ مالیت کی نقدی’ زیورات ودیگر قیمتی سامان لوٹنے کے بعد ڈاکو فرار ہو گئے’ نشاط آباد پولیس نے مقدمہ درج کر کے ڈاکوئوں کی تلاش شروع کر دی’ شہر کے مذہبی’ کاروباری’ سیاسی’ سماجی حلقوں کا اظہار تشویش’ ڈاکوئوں کی جلد ازجلد گرفتاری کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ممتاز عالم دین علامہ عدیل یوسف صدیقی نے بتایا کہ وہ ریاض الجنہ میں اپنے اہلخانہ کے ہمراہ گھر میں سوئے ہوئے تھے کہ رات کے آخری پہر 4مسلح ڈاکو دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہو گئے جنہوں نے انہیں اور ان کے صاحبزادے محمد احمد کو رسیوں سے باندھ دیا’ ان کی اہلیہ اور بیٹیوں کو کمرے میں بند کر کے گھر سے چالیس لاکھ روپے مالیت کی نقدی’ زیورات’ موبائل فونز ودیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ جس کے بعد ان کی اہلیہ اور بیٹیوں نے کمرے سے باہر آ کر ان دونوں باپ بیٹے کو رسیوں سے آزاد کروایا، پولیس کو اطلاع کی جس نے مقدمہ درج کر لیا لیکن تاحال ڈاکو پکڑے نہ جا سکے ہیں۔ شہر میں ڈکیتی’ راہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں کا سکھ وچین چھین لیا ہے، ممتاز عالم دین علامہ عدیل یوسف صدیقی کے گھر ہونیوالی واردات پر سیاسی’ کاروباری’ سماجی’ مذہبی حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس حکام سے اس واردات میں ملوث ڈاکوئوں کی گرفتاری اور مسروقہ مال کی بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں