کرکٹر نے 62سال کی عمر میں ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کر کے تاریخ رقم کر دی

فاکلینڈ(سپورٹس نیوز) جزائر فاکلینڈ کے کرکٹر اینڈریو برانلی نے 62سال کی عمر میں کوسٹا ریکا کے خلاف ٹی 20انٹرنیشنل ڈیبیو کر کے سب کو حیران کر دیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 10مارچ 2025کو کوسٹا ریکا کے دورے کے دوران جزائر فاکلینڈ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والی دنیا کی 106ویں ٹیم بن گئی۔جزائر فاکلینڈ ٹیم کے تمام 11کھلاڑی 31سال سے زائد عمر کے تھے، 2کھلاڑیوں کے علاوہ سب کی عمر 40سال سے زیادہ تھی، ان میں 3 کھلاڑی ایسے تھے جن کی عمر 56 سال سے زیادہ ہو چکی تھی لیکن ان میں سے کوئی بھی اینڈریو برانلی جتنا عمر رسیدہ نہیں تھا۔رپورٹ کے مطابق 62 سالہ برانلی 60 سال کی عمر کا ہندسہ عبور کرنے کے بعد ٹی 20 انٹرنیشنل یا کوئی بھی بین الاقوامی کرکٹ میچ کھیلنے والے دنیا کے پہلے مرد کرکٹر بن گئے۔برانلی سے قبل انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے عمر رسیدہ مرد کرکٹر کا اعزاز ترکیہ کے عثمان گوکر کے پاس تھا جنہوں نے 2019 میں رومانیہ کے خلاف 59 سال کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ میچ کھیلا تھا۔رپورٹ کے مطابق اینڈریو برانلی نے 11 اور 12 مارچ کو کوسٹاریکا کے خلاف مزید 2 ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے، انہوں نے تینوں میچز میں دسویں نمبر پر بیٹنگ کی، جہاں انہوں نے بالترتیب 1 رن، 2 ناٹ آئوٹ اور 3 ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلیں۔برانلی نے اپنے دوسرے میچ میں ایک اوور میڈیم پیس بالنگ بھی کی جبکہ اپنے آخری میچ کے دن ان کی عمر 62 سال اور 147 دن تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں