کشتی حادثہ میں ملوث گینگ کے 2کارندے اور مالیاتی فراڈ کرنیوالا گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے منی لانڈرنگ ٹیم نے گزشتہ برس یونان کشتی حادثہ میں ملوث بدنام زمانہ گینگ کے سرغنہ سمیت 2ملزمان کو گرفتار کر لیا، پکڑے جانیوالے ملزم انسانی سمگلنگ اور منی لانڈرنگ میں ملوث تھے، جن کی شناخت مشتاق احمد اور محمد توصیف کے ناموں سے ہوئی۔ مذکورہ ملزمان کو منڈی بہائو الدین اور میانوالی سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم مشتاق احمد شہریوں کو غیر قانونی طریقہ سے لیبیا اور یورپ بھجواتا تھا اور انسانی سمگلنگ کے ذریعے حاصل ہونے والی غیر قانونی رقم مختلف بینکوں میں منتقل کرتا اور اس کا بین الاقوامی گینگ سے رابطہ تھا اور ملزم بیرون ملک بھجوانے کے نام پر شہریوں سے حاصل کردہ بھاری رقوم انسانی سمگلروں کو ٹرانسفر کرتا تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کے دیگر قریبی رشتہ دار بھی انسانی سمگلنگ اور منی لانڈرنگ میں ملوث پائے گئے۔ ملزم کا بھائی اور بھابھی پہلے ہی گرفتار ہو چکے ہیں۔ ملزم کے دیگر ساتھی یاسر بلال’ مختار’ محمد نواز کے خلاف بھی سال 2023ء اور 2025ء سے متعدد مقدمات درج ہیں اور اسکے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دریں ثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کروڑوں روپے کی بدعنوانی، دھوکہ دہی اور مالیاتی فراڈ میں ملوث اشتہاری ملزم گرفتار’ ایف آئی اے فیصل آباد زون کی بڑی کاروائی ۔ 25کروڑ کی خرد برد میں ملوث اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت افضل شہزاد کے نام سے ہوئی ۔ گرفتار ملزم سال 2022سے اشتہاری تھا ، ملزم آئل ریفائنری میں بطور اکائونٹنٹ ملازمت کرتا تھا ۔ ملزم نے دیگر ساتھیوں بشمول بینک منیجر کی معاونت سے فیصل آباد آئل ریفائنری کے اکائونٹ میں خرد برد کی ۔ اس سے قبل بھی ملزم کا ساتھی ساجد کامران گرفتار ہو چکا ہے۔ ملزم نے بینک عملے کی ملی بھگت سے جعل سازی کرتے ہوئے فیکٹری کے نام سے بینک اکائونٹ کھلوایا۔ ملزم نے کھاتہ داروں کی جانب سے پیش کئے گئے چیکس کو کمپنی اکائونٹ میں جمع کروانے کے بجائے جعل سازی سے کھلوائے گئے اکائونٹ میں جمع کروائے۔ ملزمان نے مجموعی طور پر 25کروڑ روپے سے زائد کی رقم میں خرد برد کی ۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کاروائیاں جاری ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں