گرانفروشوں ،ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ٹوبہ ٹیک سنگھ نے ناجائز منافع خوری اور مہنگائی مافیا کیخلاف کریک ڈاون تیز کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی قیادت میں زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایات دی گئی ہیں۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ضلعی انتظامیہ نے 13,966انسپکشنز مکمل کیے اور 82,000روپے جرمانے عائد کیے۔ تحصیل ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 4,639 انسپکشنز اور 15,500 روپے جرمانہ، تحصیل گوجرہ میں 3,859 انسپکشنز اور 36,500 روپے جرمانہ، تحصیل کمالیہ میں 2,962 انسپکشنز اور 4,000 روپے جرمانہ جبکہ تحصیل پیرمحل میں 2,506 انسپکشنز اور 26,000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے دوران ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ہے، اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کی شکایات فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو درج کرائیں، تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں