مشکل حالات کا مقابلہ کرنا اور اللہ سے شکائت نہ کرنا مومن کی پہچان ہے،امجد ثاقب

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مشکل وقت کا پوری قوت سے ڈٹ کر مقابلہ کرنا اور اللہ سے شکایت نہ کرنا مومن کی پہچان ہے’ جن دکانداروں کی دکانیں جلی ہیں وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں’ اخوت فائونڈیشن آپ کے ساتھ کھڑی ہے’ مصیبت اور پریشانی میں اللہ کے سامنے جھکیں’ انشاء اللہ مشکلات آسانی میں بدل جائیں گی’ ان خیالات کا اظہار اخوت فائونڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب نے ماڈل بازار جھنگ روڈ میں آتشزدگی سے متاثرہ دکانوں کی بحالی کیلئے امدادی چیک دینے کی تقریب کے شرکاء سے کیا’ انہوں نے کہا کہ اللہ کے راستے میں سخاوت کرنے والا کبھی غریب نہیں ہو سکتا’ یہ ممکن ہی نہیں کہ ہم اللہ کی مخلوق کیلئے آسانیاں پیدا کریں اور اللہ تعالیٰ ہمیں دوست نہ بنائے’ غریب اورمستحق لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے کیلئے اپنی خوشیاں قربان کریں گے تو دنیا اور آخرت میں فلاح پا جائیں گے’ ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ اخوت فائونڈیشن کی قرض کی سکیم بنیادی طور پر غریبوں کو بلاسود قرضے فراہم کرنے پر مرکوز ہے’ جس کا مقصد کاروباری اور مالی آزادی کو فروغ دینا ہے’ اس اقدام نے ہزاروں خاندانوں اور افراد کو بلند شرح سود کا بوجھ ڈالے بغیر مالی امداد فراہم کر کے ان کی مدد کی ہے’ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے طول و عرض کے 60 لاکھ گھرانوں تک اخوت کی شمع جل رہی ہے’ اللہ تعالیٰ کی عطا سے چند سکے اللہ کے بندوں پر خرچ کریں پھر دیکھیں آپ کے دل کو کتنا سکون اور راحت میسر آتی ہے’ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ADCG طیب خان’ ڈپٹی چیف آفیسر حافظہ عظمت فردوس نے کہا کہ پنجاب حکومت لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے’ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ہم اپنی بہترین سروسز دے رہے ہیں مگر ڈاکٹر امجد ثاقب جیسے لوگ بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں جنہوں نے عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کو اپنا مقصد حیات بنا رکھا ہے’ہم انہیں انسانیت کی خدمت پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہمارا ہرممکن تعاون ان کے ساتھ ہے’ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر سٹیرنگ کمیٹی حاجی محمد عابد ‘ حاجی اسلم بھلی’ رانا محمد سکندراعظم خاں نے کہا کہ ڈاکٹرامجد ثاقب نے اخوت کے نام سے جو شمع روشن کی تھی وہ پوری آب و تاب سے پورے پاکستان میں روشنی پھیلا رہی ہے’ جو پودا انہوں نے لگایا تھا وہ تناآور درخت بن کر اللہ کے بندوں کیلئے چھائوں دے رہا ہے’ اخوت قرض حسنہ کا سب سے بڑا ادارہ بن گیا ہے’ ڈاکٹر امجد ثاقب نے جو خواب دیکھا تھا کہ کوئی بھوکا نہ سوئے’ کوئی بغیر چھت کے نہ رہے’ تعلیم کی شمع ہر گھر میں جلے’ ہر مریض تک دوائی پہنچے کی تعبیر حاصل کر لی ہے’ ہماری دعا ہے کہ ڈاکٹر امجد ثاقب اسی طرح دکھی انسانیت کی خدمت کرتے رہیں اور اللہ کی مخلوق کو راضی کرتے رہیں’ آخر میں ڈاکٹر امجد ثاقب نے ماڈل بازار جھنگ روڈ میں آتشزدگی سے متاثرہ دکانوں کی بحالی کیلئے امدادی چیک تقسیم کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں