ڈویژنل انتظامیہ کی زیر سرپرستی ثقافتی میلوں کا آغاز ہوگیا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈویژنل انتظا میہ کی زیر سرپرستی ڈویژن میں ثفافتی میلوں کا آغا ہوگیا۔کمشنر مریم خان کی ہدایت پر جشن بہاراں جھنگ کی افتتاحی تقریب مائی ہیر سٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ جس میں جنرل آفیسر کمانڈنگ 6 آرمڈ ڈویژن میجر جنرل ابوبکر شہبازاور ڈویژنل کمشنر مریم خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،سابق ارکان صوبائی اسمبلی شیخ محمد یعقوب، محمد اسلم بھروانہ، سلطان سکندر بھروانہ اور فیصل حیات جبوآنہ،اسسٹنٹ کمشنرز،سی او ضلع کونسل محمد اکرم بھروانہ و دیگر ضلعی افسران سمیت بڑی تعداد میں شہری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ افتتاحی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا،پرچم کشائی کے موقع پر قومی ترانہ پڑھا گیا جبکہ پولیس،ریسکیو 1122 کے دستوں نے مہمانوں کو سلامی پیش کی۔گورنمنٹ و نجی سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے بھی پیش کئے۔ دھریس،لڈی ڈانس کے علاوہ دیگر رنگا رنگ اور تفریحی پروگراموں کا مظاہرہ کیاگیا۔جشن بہاراں کے شیڈول کے مطابق گھوڑا ڈانس اور نیزہ بازی کے مقابلہ جات بھی منعقد ہوئے۔کمشنر مریم خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی کی جانب سے موسم بہار کے دوران رنگا رنگ تقریبات کی ہدایت ملی ہیڈویژنل انتظامیہ جشن بہاراں تقریبات کی بھرپور سرپرستی کریگی-14 اپریل کو صوبہ بھر کی طرح فیصل آباد ڈویژن میں بھی پنجاب کلچرل ڈے بھرپور انداز میں منایا جائیگا-ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جشن بہاراں جھنگ کا روایتی تہوار ہے جس کا انعقاد خوش آئند بات ہے۔ جشن بہاراں کو روایتی و ثقافتی رنگوں سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف تفریحی پروگرامز میں اضافہ اور جدت بھی پید ا کی گئی ہے۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ منظم انداز میں جشن بہاراں کی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کر کے لطف اندوزہوں اور آپس میں پیار ومحبت، یگانگت اور اتحادو اتفاق کی فضا کو مزید مستحکم کریں۔مزید برآں جشن بہاراں میں محکمہ زراعت، تعلیم، جنگلات، لائیو سٹاک اوردیگر مختلف سرکاری و نجی اداروں کی طرف سے سٹالز لگائے گئے۔بعد ازاں جنرل آفیسر کمانڈنگ اور کمشنر نے گورنمنٹ گرلز سکول کا بھی دورہ کیا اور طالبات میں پیغام پاکستان کے حوالہ سے شرٹس تقسیم کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں