جنوبی افریقی آل رائونڈر کھلاڑی پر ایک سال تک پی ایس ایل کھیلنے کی پابندی

لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقی آل رانڈر کوربن بوش پر ایک سال تک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے کی پابندی عائد کردی۔پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جنوبی افریقہ کے آل رانڈر کوربن بوش نے پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن سے دستبردار ہونے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔کوربن بوش کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا مجھے پی ایس ایل سے دستبردار ہونے کے اپنے فیصلے پر افسوس ہے، میں پاکستانی عوام اور پشاور زلمی کے مداحوں سے معذرت خواہ ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ایک شاندار ٹورنامنٹ ہے اور میں اس بات کو سمجھتا ہوں کہ میری اس حرکت سے شائقین کو شدید مایوسی ہوئی۔کاربن بوش نے مزید کہا کہ میں نہ صرف اپنے عمل کی مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں بلکہ اس کے نتائج کو بھی تسلیم کرتا ہوں جس میں ایک سال کی پابندی اور جرمانہ شامل ہے۔مزید کہا میں اس ناخوشگوار تجربے سے سیکھنے کے لیے پرعزم ہوں اور امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں نئے جذبے کے ساتھ پی ایس ایل میں واپسی کروں گا۔خیال رہے کہ پی سی بی نے جنوبی افریقی آل رانڈر پر ایک سال تک پی ایس ایل کھیلنے پر پابندی عائد کردی، یعنی وہ پاکستان سپر لیگ کے اگلے (11ویں) ایڈیشن میں منتخب ہونے کے اہل نہیں ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں