ریسکیو1122 کی ممکنہ سیلاب کے حوالے سے موک ایکسرسائز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ (ستارہ امتیاز) ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدائت پر ضلعی ہیڈ کوارٹرز پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122فیصل آباد میں کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں (CERT) کے مابین موجودہ صورتحال اور ممکنہ سیلاب کے تناظر میں میگا موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کی۔ موک ایکسرسائز میں ضلع بھر کی بشمول چاروں تحصیلوں چک جھمرہ، جڑانوالہ، سمندری اور تاندلیانوالہ سے مختلف یونین کونسلز کے ریسکیو سکاٹس مرد و خواتین نے بھر پور حصہ لیا۔ موک ایکسرسائز کے دوران تمام ٹیموں کو مختلف فرضی ٹاسک دئیے گئے جس میں کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے بڑھ چڑھ کر ایمرجنسی کے متعلق حاصل کردہ آگاہی، ٹریننگ اور مہارتوں کا استعمال کرتے ہوئے شاندار عملی مظاہرہ کیااورلوگوں کی جان و مال کو بچانے کے لئے ضروری اقدامات بروئے کار لاتے ہوئے ٹاسک مکمل کئے اورسیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ (ستارہ امتیاز) ڈاکٹر رضوان نصیرکے وژن کے مطابق ہر فرد کا کردار بطور ذمہ دار شہری محفوظ معاشرے کی طرف پیش قدمی کی خوب عکاسی کی۔میگا موک ایکسرسائزکے کامیاب اختتام پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 فیصل آباد ظفر اقبال نے ریسکیو سکاٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی مدد کرنے کا مثالی جذبہ اوراعلی کارکردگی قابلِ ستائش ہے اور ہر ریسکیو سکاٹ ہمارا قیمتی سرمایہ اور انمول ہے۔عوام الناس کو بروقت مدد فراہم کرنے کے لئے کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کے مابین کوارڈینیشن کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا تا کہ ہمارے ریسکیو سکاٹس اپنے گردونواح میں ہونے والی کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں بطور فرسٹ ریسپانڈر اپنا کلیدی کردار ادا کر سکیں اور لوگوں کی جان و مال کو محفوظ بنانے میں ممدو معاون ثابت ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں