وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس کے دوران انہیں فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور انہوں نے فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم پر ہونیوالی پیشرفت کا جائزہ لیا اور اس پر تعمیراتی عمل تیز کرنے کے احکامات جاری کئے، محترمہ مریم نواز شریف نے ماس ٹرانزٹ سسٹم میں اچھی اور وسیع ایلی ویٹر نصب کرنے کا حکم دیا ہے، انہوں نے ہر اوپن مقام پر اربن فارسٹ اور سبزہ لگانے کا بھی حکم دیا ہے، 20.5 کلومیٹر طویل فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم میں 21 اسٹیشن بنیں گے، فیصل ٹائون اور ائیرپورٹ چوک میں فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈپو بنائے جائیں گے، یہ بات خوش آئند ہے کہ پنجاب حکومت نے عوام کو جدید اور آسان سفری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ پنجاب میں مفت پبلک ٹرانسپورٹ سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ سپیڈوبس اور الیکٹرک بس فری سفری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد یہ سہولت شروع کی گئی تھی جس سے مختلف شہروں میں لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ صوبہ بھر میں شہریوں کو عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف کے اقدامات کوطبقہ فکر نے سراہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کے 10 اضلاع میں نئی الیکٹروبسیں فراہم کرنے کی منظوری دے چکی ہیں اور صوبے میں جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کیلئے اہم فیصلے کئے گئے۔ ایک اجلاس میں فری ٹرانسپورٹ پروگرام، الیکٹرک بسوں، ای ٹیکسی سکیم اور ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ کے فری ٹرانسپورٹ پروگرام کے تحت 21روٹس پر سوا لاکھ سے زائد مسافر مستفید ہو چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 3560بس ٹرپس مکمل کئے جا چکے ہیں۔ اجلاس میں 10اضلاع اٹک، بھکر، حافظ آباد، خانیوال، لیہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، منڈی بہائوالدین اور اوکاڑہ میں نئی الیکٹروبسیں فراہم کرنے کی منظوری دی گئی، منصوبے کے مطابق رواں ماہ 100، مئی کے وسط تک 350اور جون کے آخر تک مزید 264الیکٹرو بسیں پنجاب پہنچ جائیں گی، ہر ڈویژن میں الیکٹروبسوں کیلئے خصوصی بس ڈپو قائم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل سطح پر 1500الیکٹرک بسیں چلانے کیلئے جامع پلان طلب کر لیا، اجلاس میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم منصوبوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پنجاب کی پہلی ای ٹیکسی سکیم کے تحت مئی میں 194اور جون میں 208ای ٹیکسیاں شامل کرنے کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے میٹروبس سٹیشنز کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے نئے ڈیزائن کی منظوری بھی دی، ہر پراجیکٹ کے تحت لاہور میں جدید بس سٹیشنز کے قیام کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سرکاری ملازمین کے لئے ای بائیک پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔ پنجاب میں سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک اور شاندار قدم اٹھاتے ہوئے فاسٹ ٹرین سروس کا آغاز جلد کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے سفر کا دورانیہ کم وقت میں طے ہو گا، یہ منصوبہ پنجاب کے عوام کیلئے جدید’ تیز رفتار اور آرام دہ سفری سہولیات کی طرف اور انقلابی قدم ہے، اس کے علاوہ آرام دہ ائیرکنڈیشنڈ کوچز’ جدید حفاظتی نظام’ صاف ستھرا اور معیاری سفری ماحول’ معذور افراد کے لیے خصوصی سہولت’ آن لائن ٹکٹنگ اور فوری بکنگ سسٹم جیسے اقدامات نہ صرف سفر کو آشان بنائیں گے بلکہ پنجاب میں ترقی اور جدیدیت کی ایک نئی مثال قائم ہو گی، پنجاب حکومت کی جانب سے اساتذہ کیلئے ایک بائیک اور مری سمیت دیگر شہروں میں سیاحوں کیلئے بہترین ٹرانسپورٹ کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ ان اقدامات سے واضح ہوتا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کو جدید سفری سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے قبل ازیں الیکٹروبس سروس کی فراہمی کے ذریعے شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کیں اور اب انہوں نے فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم کا تعمیراتی عمل تیز کرنے کا حکم دیا ہے جو کہ نہایت خوش آئند اقدام ہے، یقینی طور پر اس منصوبہ سے فیصل آباد کے شہریوں کو بہترین سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔




