پاک برطانیہ سفارتی و دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد(بیوروچیف) پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر محترمہ جین میریئٹ نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین گہرے سفارتی اور دفاعی تعلقات پر زور دیا گیا، مزید براں ملاقات میں علاقائی سلامتی کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر باہمی اور عسکری تعاون کے لیئے نئی راہیں استوار کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین لازوال اور دیرینہ روابط کا ذکر کرتے ہوئے دونوں اتحادی ممالک کے مابین پہلے سے موجود فائدہ مند اور کثیر الجہتی تعلقات کو مزید تقویت دینے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ دوطرفہ روابط کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جوکہ علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ سیکیورٹی فریم ورک سمیت تمام اہم امور میں مکمل ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔ معززین نے خطے کی موجودہ بین الاقوامی تزویراتی اور سیکورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور موجودہ قیادت کے زیر سایہ پاک فضائیہ کی جانب سے خود انحصاری  کے میدان میں کی گئی شاندار پیش رفت کی تعریف کی۔ انہوں نے دونوں فضائی افواج کے مابین تاریخی تعلقات کو مزید تقویت دینے کے لیئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ معززین نے دوطرفہ  دوروں کے ذریعے موجودہ عسکری تعلقات کو مزید فروغ دینے اور اس مقصد کے لیے نئی راہیں استوار کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں