پٹرول کی قیمت میں کمی کا امکان

اسلام آباد (بیوروچیف) بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی اور پیٹرول پر درآمدی پریمیم میں معمولی کمی کی وجہ سے 31مئی کو ختم ہونے والے اگلے پندرہ دن کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریبا 3.5 اور 7روپے فی لیٹر کی کمی کا امکان ہے۔تاہم یہ ریلیف ٹیکس کی غیر تبدیل شدہ شرحوں سے مشروط ہے۔رپورٹ کے مطابق باخبر ذرائع نے بتایا کہ موجودہ ٹیکس کی شرحوں کی بنیاد پر 15 مئی کو ہونے والے حتمی حساب سے پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت میں تقریبا 3.5روپے کی کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) میں 7روپے فی لیٹر کمی کی جاسکتی ہے۔پیٹرول کی قیمت میں کمی کا تخمینہ پچھلے دو ہفتوں کے دوران پیٹرول کی بین الاقوامی قیمت میں تقریبا 1.5 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل میں تقریبا 3 ڈالر فی بیرل کمی سے لگایا گیا ہے۔ایکس ڈپو پیٹرول کی موجودہ قیمت 252.63 روپے فی لیٹر ہے۔ پیٹرول زیادہ تر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور دو پہیوں والی سواری میں استعمال ہوتا ہے اور اس کا براہ راست اثر متوسط اور نچلے متوسط طبقے کے بجٹ پر پڑتا ہے۔ہائی اسپیڈ ڈیزل کی موجودہ ایکس ڈپو قیمت 256.64روپے فی لیٹر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں