صدرFCCIریحان نسیم بھراڑہ اور کوریا کے سفیر کی ملاقات

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے پاکستان میں کوریا کے سفیر پارک کیجون سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کیلئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ پارک کیجون نے کہا کہ دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے علاوہ کوریا کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری بھی کر رہے ہیں جبکہ کوریا پاکستان کو مختلف شعبوںکی ترقی کیلئے امداد بھی دے رہا ہے۔ انہوں نے کوریا اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھانے کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر کی کوششوں کو بھی سراہا۔ فیصل آباد چیمبر کے صدر نے کہا کہ کوریا کو سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی ٹرانسفر پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا پاکستان کو گاڑیوں کے علاوہ ریفائنڈ پٹرولیم بھی برآمد کر رہا ہے جبکہ پاکستان کی کوریا کو برآمدات میں کپاس اور ٹیکسٹائل کی مصنوعات شامل ہیں۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی توازن کو بہتر بنانے پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کے درمیان براہ راست رابطوں کیلئے چیمبر کا وفد کوریا بھیجنے کی تجویز ہے اور توقع ہے کہ کوریا کا سفارتخانہ اس سلسلہ میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی سطح پر پاکستان اور کوریا کے درمیان اکنامک پارٹنر شپ ایگریمنٹ پر بھی بات چیت ہو رہی ہے جس سے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں