دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کو بھاری جرمانے،دکانیں سیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مریم خان نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو شہروں کو خوبصورتی اور بلاتفریق تجاوزات کے خاتمہ کو تیز کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہوں اور چوکوں کی بیوٹیفکیشن میں اضافہ کیا جائے جس پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے راجباہ روڈ’ جھنگ بازار’ منروا سنیما روڈ’ کچہری بازار’ انار کلی بازار’ کارخانہ بازار کا وزٹ کرتے ہوئے دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کو بھاری جرمانے کیساتھ ساتھ دکانوں کو سیل بھی کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے زیروٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ اس حوالے سے کسی سے بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ مدینہ ٹائون کا وزٹ کرتے ہوئے پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا۔ جبکہ میونسپل کارپوریشن کی طرف سے 19مئی تا 29مئی تک تجاوزات کے خاتمہ کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ 19مئی بروز سوموار کو غلام محمد آباد میں آپریشن جبکہ امین پور بازار’ بھوآنہ بازار’ منشی محلہ’ نیو انار کلی بازار میں تجاوزات کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہو گا۔ 20مئی بروز منگل کو انکروچمنٹ عملہ ہلال روڈ سٹاپ نمبر 3تا نمبر5 تک پختہ تجاوزات پر کارروائی کریگا۔ جبکہ جھنگ بازار لسوڑی شاہ دربار روڈ’ ریگل روڈ’ راجباہ روڈ کا وزٹ کیا جائے گا۔ 21مئی بروز بدھ کو رحمانیہ روڈ پر آپریشن ہو گا۔ اس کے ساتھ ساتھ کارخانہ بازار’ محمدی مارکیٹ’ ریلبازار مندر گلی سے بھی تجاوزت کا خاتمہ کروایا جائے گا۔ 22مئی بروز جمعرات ستیانہ روڈ ڈوگر بستی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن ہو گا۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکلر روڈ گمٹی چوک تا چنیوٹ بازار وزٹ کر کے دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ 24مئی بروز جمعہ کو رضاآباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ منٹگمری بازار گول صابن والا’ گول کریانہ اور پرانی لکڑمنڈی کا وزٹ بھی شامل ہے۔ 24مئی بروز ہفتہ کو جیل روڈ نزد ٹپس کالج تا سرگودھا روڈ افشاں کالونی میں بھرپور تجاوزات کا خاتمہ ہو گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ریگل روڈ اسکی ملحقہ گلیوں’ جھنگ بازار’ گول لکڑوالا میں تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔ 26مئی بروز سوموار نگہبان پورہ میں بلاامتیاز آپریشن ہو گا جبکہ کچہری بازار تا چنیوٹ بازار’ گول لکڑ والا کا وزٹ ہو گا۔ 27مئی بروز منگل کو تیزاب مل روڈ پر عارضی وپختہ تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ منٹگمری بازار’ گول صابن’ گول کریانہ’ پرانی لکڑمنڈی کا وزٹ بھی شامل ہے۔ 28مئی بروز بدھ کو کوکیانوالہ میں تجاوزات کا خاتمہ شیڈول کا حصہ ہے، اس کے ساتھ ساتھ کارخانہ بازار’ گول مکی مارکیٹ’ مندر گلی’ ریلبازار گول کپڑا میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن ہو گا۔ 29مئی بروز منگل کو گلستان کالونی میں بلاامتیاز تجاوزات کے خاتمہ کیلئے آپریشن ہو گا اس کے ساتھ ساتھ جھنگ بازار’ لسوڑی شاہ روڈ’ ریگل روڈ’ راجباہ روڈ کا وزٹ بھی شامل ہے۔ ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس کا کہنا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ مارکیٹوں’ دکانوں’ گھروں کے باہر پختہ تجاوزات کو ازخود ختم کر دیں جبکہ مشینری کے استعمال سے زیادہ نقصان ہو گا۔ دکانوں کے باہر فٹ پاتھ کو خالی رکھیں جبکہ گھروں کے باہر تھڑوں’ گیراج’ باتھ رومز کو مسمار کر دیا جائے گا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن بلاامتیاز ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں