اب حملہ ہوا تو ہمارا ردعمل خطرناک ہوگا،ISPR

راولپنڈی (بیوروچیف) پاک فوج کے ترجمان اور شبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے نا تو بھارت اسرائیل ہے اور نا ہی پاکستان فلسطین ، بھارت نے ہمیں اکسایا یا حملہ کیا تو ہمارا ردعمل تیز اور وحشیانہ ہوگا۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا پاکستان دنیا میں اس وقت سب سے زیادہ دہشتگردی کا شکار ملک ہے، جنوری 2024سے اب تک 3700سے زیادہ دہشت گردی کے واقعات ہو چکے ہیں، اس ساری دہشت گردی کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی بھارت کر رہا ہے، 17 ماہ میں دہشتگردی کے واقعات میں 3896 افراد شہید ہوئے، 3896 شہدا میں سے 2582 سویلین اور سکیورٹی اہلکار ہیں۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں یا بھارت میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ بھارتی کااندرونی مسئلہ ہے، کشمیر ایک بین الاقوامی تسلیم شدہ تنازع ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک امن پسند قوم ہیں لیکن اگر بھارت نے ہمیں اکسایا یا حملہ کیا تو ہمارا ردعمل تیز اور وحشیانہ ہوگا، حقیقت یہ ہے کہ بھارت امریکا نہیں اور پاکستان افغانستان نہیں، بھارت اسرائیل نہیں اور پاکستان فلسطین نہیں ہے، پاکستان، بھارتی تسلط کے سامنے نہیں جھکے گا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا بھارت جتنی جلدی یہ سمجھ جائیگا یہ علاقائی اور عالمی امن کیلئے اچھا ہو گا، بھارت پہلگام واقعے میں کوئی بھی ثبوت دینے میں ناکام رہا، بھارتی حکومت ان واقعات کو دہشت گردی کے بہانے کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والی بی ایل اے نے کھلے عام بھارت سے مدد کی درخواست کی تھی، نئی دہلی میں کچھ رہنمائوں، سیاست دانوں اور ریٹائرڈ جرنیلوں نے بی ایل اے کی حمایت میں بیانات دیے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا حالیہ کشیدگی میں بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے جن میں سے 3 رافیل تھے، دنیا جانتی ہے پاکستان نے بھارتی طیارے گرائے لیکن نئی دہلی اسے ماننے کو تیار نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں