اناج کی مجموعی دستیابی کا جائزہ

اسلام آباد (بیوروچیف)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک بھر میں گندم کے وافر ذخائر کی دستیابی، رسد میں تسلسل اور آٹے کی قیمتوں میں کمی یقینی بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو مارکیٹ کی صورتحال پر کڑی نظر رکھنے اور مثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نائب وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت گندم سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر میں اناج کی مجموعی دستیابی کا جائزہ لیا گیا جبکہ مقامی منڈیوں میں رسد برقرار رکھنے کے لئے گندم کی درآمد کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ گندم کے مناسب ذخائر برقرار رکھنا اور اناج کی فراہمی میں کسی بھی قسم کے تعطل سے بچنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ عوام کو مناسب قیمتوں پر گندم اور آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان مثر رابطہ کاری ناگزیر ہے۔ نائب وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مارکیٹ کے رجحانات کی مسلسل نگرانی کی جائے، گندم کی وافر فراہمی یقینی بنائی جائے اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس میں وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، قومی غذائی تحفظ و تحقیق، تجارت اور بحری امور کے سیکرٹریز سمیت تمام صوبوں اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں