جھینگا کی فارمنگ اور برآمدات کے فروغ کا منصوبہ

اسلام آباد (بیوروچیف) وزیراعظم کی قائم کردہ سب کمیٹی نے جھینگا فارمنگ، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات بڑھانے کے لیے روڈ میپ کی تیاری کی120دن کی مہلت دیدی۔وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ ذیلی کمیٹی برائے ایکوا کلچر اور شرمپ ویلیو چین کا اجلاس وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری کی زیرصدارت ہوا، جس میں صوبائی ماہی گیری کے محکموں اور متعلقہ وفاقی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں جھینگا فارمنگ کے شعبے کو جدید، مسابقتی اور برآمدات پر مبنی صنعت میں تبدیل کرنے کے لیے جامع رپورٹ تیار کی جائے گی۔رپورٹ میں دستیاب اعداد و شمار کی تصدیق اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز اور شعبے کو درپیش مشکلات کا جائزہ شامل ہوگا۔حکام کے مطابق اس عمل کے ذریعے جھینگا فارمنگ کے شعبے کی موجودہ صورتحال کا بنیادی ڈیٹا تیار کیا جائے گا، جبکہ پیداوار سے لے کر پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات تک پوری ویلیو چین میں موجود رکاوٹوں کی نشاندہی کی جائے گی۔اس کے ساتھ ساتھ پیداوار بڑھانے اور عالمی منڈی میں پاکستانی جھینگے کی مسابقت بہتر بنانے کے لیے اصلاحات تجویز کی جائیں گی۔کمیٹی نے 7 تکنیکی ورکنگ گروپس اور تخمینہ و لاگت کا ایک شعبہ قائم کیا ہے، جنہیں 14 رپورٹیں اور برآمدی تخمینے تیار کرنے ہیں۔مصدقہ اعداد و شمار کی مدد سے شعبے کی بنیادی صورت حال مرتب کی جائے گی اور پیداوار سے لے کر پراسیسنگ تک رکاوٹوں کی نشاندہی ہوگی۔اجلاس میں اعداد و شمار جمع کرنے اور ان کی تصدیق کے لیے مشترکہ طریقہ کار بھی منظور کیا گیا، جبکہ مسائل کی ترجیح بندی، اصلاحاتی تجاویز کی تیاری اور پیش رفت کی نگرانی کے لیے بھی فریم ورک تشکیل دیا گیا۔ابتدائی طور پر 14 روزہ ایکشن پلان منظور کیا گیا ہے، جس کے تحت شریک اداروں کو مقررہ مدت میں اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اجلاس کے شرکا نے جھینگے کی پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور عالمی منڈی میں برآمدی مسابقت بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں