DGایف ڈی اے آصف چوہدری کا تمام شعبوں کے افسران کو بجٹ تجاوزیز تیار کرنیکا حکم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے تمام شعبوں کے افسران کو بجٹ تجاویز تیار کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ایف ڈی اے کے مالی وسائل میں اضافہ اور اخراجات کو قابل قبول حد تک کم کرنے پر خصوصی غورو خوض کیا جائے ۔ اس حوالے سے بجٹ کی تیاری کے لئے کے مراحل کی مانیٹرنگ کیلئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جنہوں نے ڈائریکٹرز کانفرنس بلا کر آئندہ مالی سال کی بجٹ تجاویز تیار کرنے اور رواں مالی سال کے بجٹ کے اہداف کی صورت حال کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں چیف انجینئر مہرایوب ، ڈائریکٹرز اسما محسن ، جنید حسن منج، یاسر اعجاز چٹھہ، سہیل مقصود پنوں، عاصم محمود، ڈپٹی ڈائریکٹرز فنانس حمیرا اشرف، فیصل طارق بٹ ، ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی افضال انصاری، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبداللہ نور و دیگر افسران موجود تھے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ آئندہ مالی سال کی بجٹ تجاویز ادارہ کے مالی استحکام اور مستقبل کے ترقیاتی تقاضوں کے مطابق ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کے گزشتہ سالوں کے بجٹ اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے دانشمندی سے آمدن و خرچ کاجائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ متوازن بجٹ ہی کسی بھی ادارے کی ترقی کا ضامن ہوتا ہے لہٰذا مالی و انتظامی استعداد کے مطابق بجٹ تفصیلات طے کی جائیں تاکہ مقررہ اہداف کے حصول میں کوئی رکاوٹ یا دشواری پیش نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ ادارہ کے مالی استحکام کے لئے مختلف بزنس ماڈلز بھی تجویز کئے جائیں اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی جائیدادوں کو منافع بخش منصوبوں میں بروئے کار لانے کے لئے ٹھوس اور جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے مالیات اور کاروباری ماہرین سے مشاورت کی جاسکتی ہے۔ اے ڈی جی نے بجٹ تجاویز کو متعلقہ قوانین ، قواعد و ضوابط ، محکمانہ شرائط اور حکومتی پالیسیوں کے مطابق مرتب کرنے کی تاکید کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں